ریاست کے تینوں خطوں میں اربعین حسینی کی مناسبت سے مجالس و جلوس ہائے عزاء برآمد،علمائے کرام نے کربلا کی تحریک کو دنیا کے تمام مسائل کا حل قرار دیا

سرینگر/نمائندہ ولایٹ ٹائمز/دنیا بھر کے ساتھ ساتھ ریاست جموں وکشمیر کے تینوں خطوں میں اربعین حسینیؑ نہایت ہی جوش و خروش اور پورے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ وادی کشمیر کے علاقہ بمنہ ، بڈگام، زڈی بل، سعدہ کدل اور چھتہ بل وغیرہ میں اربعین کی مناسبت سے عظیم الشان جلوس عزاء و مجالس کا اہتمام کیا گیاجس دوران عاشقان اہلبیت ؑ نے شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران ضلع کرگل کے مختلف مقامات پر جلوس ہائے عزا برآمدہوئے جن میں عزاداروں امام حسین ؑ نے عالمی استعمار کیخلاف اپنے غصے کا بھر پور اظہار کیا۔ ’’ولایت ٹائمز ‘‘کے نمائندے کے مطابق دنیا بھر کے ساتھ ساتھ ریاست جموں وکشمیر کے تینوں خطوں میں اربعین حسینیؑ نہایت ہی جوش و خروش اور پورے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ وادی کشمیر کے علاقہ بمنہ ، بڈگام، زڈی بل، سعدہ کدل اور چھتہ بل وغیرہ میں اربعین کی مناسبت سے عظیم الشان جلوس عزاء و مجالس کا اہتمام کیا گیاجس دوران عاشقان اہلبیت ؑ نے شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران ضلع کرگل کے مختلف مقامات پر جلوس ہائے عزا برآمدہوئے جن میں عزاداروں امام حسین ؑ نے عالمی استعمار کیخلاف اپنے غصے کا بھر پور اظہار کیا۔مجالس و جلوسوں میں شامل مکتب اہلبیت ؑ کے پیروکار وں نے سینہ زنی و نوحہ خوانی کرنے کے علاوہ ولی امر مسلمین حضرت امام خامنہ ای کے ساتھ بھر پور عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے مظلومین جہاں خصوصاً فلسطین، یمن، بحرین ، عراق، نائیجریہ، افغانستان، میانمار اور کشمیر کے حق میں اور مستکبرین جہاں مخصوصاً امریکہ واسرائیل مخالف نعرے لگارہے تھے۔جموں وکشمیر انجمن شرعی شیعیان دارالمصطفیٰ کے اہتمام سے مرکزی نوعیت کے جلوس عزا آستان شریف بڈگام اور زیلدار محلہ سعدہ کدل سرینگر سے صدر حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں برآمد کئے گئے جن میں دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ زیلدار محلہ سعدہ کدل میں عزاداروں کے ایک جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے یوم اربعین کی اہمیت اور تاریخی پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔موصوف صدر نے کہا کہ معرکہ کربلا کے ٹھیک چالیس روزبعد اسی دن چند اکابر اصحاب رسولؓ کا صحرائے کربلا میں وارد ہوکر زیارت شہداء بجا لانا اور دوسری جانب شہر دمشق میں اسیران کربلا کے تقاضے کے عین مطابق تاریخ کربلا کی پہلی مجلس عز ا برپا ہونے جیسے معاملات اسی روز اربعین سے جڑے ہوئے ہیں۔ آغاسید حسن نے کہا معرکہ کربلا صرف ایک سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی تحریک اور مشن ہے جس کا ہدف دین و شریعت کی حفاظت اور ظالم قوتوں کے خلاف نبرد آزمائی ہے۔ اس دوران اربعین حسینی کی مناسبت سے جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے جانب سے عظیم الشان جلوس عزاء سجاد آباد چھتہ بل سرینگر میں برآمد ہوا جس میں ہزاروں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ مجلس اربعین کا آغاز علی الصبح تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد وقفہ وقفہ سے نامورذاکرین کرام نے نماز ظہرین تک مرثیہ خوانی پیش کرکے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز ظہرین کی باجماعت ادائیگی کے بعد اتحاد المسلمین کے صدر اور سینئر حریت رہنما حجتہ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے عزاداران امام حسین علیہ السلام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے قرآن و سنت اور اہلبیت طاہرین (ع) کے مختلف پہلووں کو اجاگر اور فلسفہ قیام کربلا پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام نے خفتہ ذہن اور مردہ ضمیر امت کو بیدار کرنے اور باشعور بنانے کیلئے کربلا میں عظیم الشان قربانیاں پیش کی اور ظلم و زیادتی، کفر و شرک، جبر و استبداد اور جھوٹ و فریب جیسی برائیوں و ناانصافیوں کے خلاف ایک تحریک شروع کی جو چودہ سو سال گزر جانے کے باوجود تروتازہ ہے۔موصوف نے اربعین حسینی کے موقعہ پر کربلائے معلی میں کروڑوں زائرین کے عظیم الشان اجتماع کو عالم اسلام کا سپر گردانتے ہوئے کہا کہ اربعین حسینی ایک انقلابی تحریک بن گئی ہے اور اس ریکارڈ تورڈ اجتماع کے آگے عالمی سامراج بے بس و لاچار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعین حسینی نے دشمنان اسلام کی نیندیں حرام کردی ہیں کیونکہ اربعین کا ملین مارچ اتحاد بین المسلمین کا بہترین عملی نمونہ ہے۔ مولانا مسرور عباس نے نجف سے کربلا تک کے پیدل مارچ میں عرب و عجم سے وابسطہ زائرین امام حسین علیہ السلام کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کی۔ادھراربعین حسینی کی مناسبت سے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان دارلایوسف کی جانب سے بمنہ میں ایک عظیم الشان جلوس عزاء برآمد ہوا جس میں وادی کے گوشہ و کنار سے ہزاروں عاشقان محمد وآل محمد(ع) نے شرکت کی۔ تنظیم کے صدر و معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی کی پیشوائی میں نماز ظہرین ادا کی گئی۔ مرکزی آیت اللہ یوسف ؒ امام باڑہ بمنہ میں عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے فلسفہ اربعین اور شہدائے کربلا کی جانب سے پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو نقل کیا۔ انہو ں نے کہا کہ معرکہ کربلا میں حسینی جانثاروں کا جذبہ فداکاری، استقامت، صبر، شجاعت اور مقاومت کا سبق اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ دریں اثنا سرینگر کے علاقہ زڈی بل میں آل جموں وکشمیر شیعہ ایسو سی ایشن کے پرچم تلیمجلس حسینی اور جلوس اربعین برمنعقد ہوا ۔ ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق وزیر مولانا عمران رضا انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کربلا عالم انسانیت کیلئے تا ابد درس ہدایت اور حق و باطل کی علامت بن کر ستارہ کے مانند روشن ہے ۔انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑ اور شہدائے کربلا نے اپنے خون سے دین محمدؐ کو زندہ رکھا اور یزید کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا کر باطل قوتوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بے نقاب کیا۔ اس دوران کرگل سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اربعین حسینی کے مناسبت سے مختلف مقامات پر جلوس عزاء برآمد ہوائے جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اہلبیت ؑ سے اپنی محبت و وابستگی کا عملی ثبوت پیش کیا۔نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد مرکزی جلوس زیر اہتمام امام خمینی میموریل ٹرسٹ حسینی پارک سے برآمد ہوا اور مرکزی بازار کے خمینی چوک سے ہوتے ہوئے اسلامیہ سکول چوک سے موڈ کر لال چوک وجامع مسجد سے ہو کر واپس حسینی پارک میں اختتام پذیر ہوئے۔جلوس میں شریک عزادار نوحہ خوانی و سینہ زنی کے ساتھ ساتھ موجودہ بین الاقوامی حالات کی تناظر میں، دست خدا برسر ماست: خامنہ ای رہبر ماست ، اللہ اکبر: خامنائی رہبر ، امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، برطانیہ مردہ باد،آل سعودمردہ باد، فلسطین کے مظلوموں ہم تمہارے ساتھ ہیں، یمن کے مظلومو ں ہم تمہارے ساتھ ہیں ، نایجریاکے مظلوموں ہم تمہارے ساتھ ہیں جیسے فلک شگاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔جلسہ کے اختتام پر چیرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ حجتہ السلام شیخ صادق رجائی نے فلسفہ اربعین وزیارت اربعین حسینی پر مفصل روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ اربعین حسینی کا ہدف امام حسین اور حسینی انقلاب کے ساتھ وابستگی و ہمبستگی کا مظہر،حق و باطل کی جنگ میں مصلحت پسندی اور خاموش رہنے کے خلاف ایک موثر آواز ہے اور فاسق و فاجر حکمرانوں کے خلاف قیام کا نام ہے۔ انہوں نے یمن پر جاری سعودی حملوں کی بھر پور مذمت کی جس میں غریب اور نہتے یمنی عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بحرین کے شیخ عیسیٰ قاسم کو فوری طور رہا کرنے کی مانگ کی۔شیخ رجائی نے شیخ ابراہیم زکزکی کو بھی فوری طور رہا کرنے کی اپیل کی جن کو نائجیریا کے حکومت نے چا ر سال سے جیل میں ڈال رکھا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے حکومتکے ہاتھوں نائیجر یا کے نہتے عوام کو نشانہ بنانے کی بھی بھر پور مذمت کی۔انہوں نے اقوام متحدہ اور نام نہاد بین الاقوامی حقوق البشر تنظیموں کی خاموشی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے حالیہ دنوں وادی کشمیر میں عام شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیرمین موصوف نے نئے ہل کونسل کے ذمہ داروں کو عوامی امور میں انصاف برتنے کی ضرورت پر زور دیا اور سردیوں کے مہینون کے لئے ضروری سٹاک اور بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔جلسے کے اختتام پرشیخ خادم حسین صادقی امام جماعت جامع مسجد کرگل نے زیارت اربعین پڑھی اور عالم اسلام میں اتحاد و اتفاق اور وطن عزیز کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔ اس کے علاوہ موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں کے مختلف اضلاع میں بھی اربعین حسینی کے جلوس برآمد ہوئے جس میں عزاداران امام عالمیقامؑ نے شرکت کرکے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔