سامراجی حمایت یافتہ میڈیا مسلمانوں میں اختلافات پیداکرنے کیلئے ذمہ دار،بارہمولہ کشمیر میں میلاد النبی ؐ اور وحدت کانفرنس سے شیعہ و سنی علما ء کا خطاب

سرینگر/کشمیر میں میلاد النبی ؐ و ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایک پروقار کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وادی بھر کے اہل تشیع و اہل تسنن علمائے دین،دانشوں اور عوام کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔
’’ولایت ٹائمز‘‘ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق پیروان ولایت جموں و کشمیر کے اہتمام سے شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے ہانجی ویرہ علاقے میں جشن عید میلاد النبی ؐاور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے سیرت النبی ؐ پر عمل پیرا اور وحدت بین المسلمین پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیروان ولایت جموں و کشمیر کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے پیامبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق(ع) کی ولادت باسعادت پر مبارکباد دی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ایک ایسا بابرکت اور عظیم الشان مہینہ ہے کہ اس ماہ میں رسول اکرم (ص)کے مبارک نور سے پوری کائنات منور ہوئی اور انسانیت کو جہالت سے نکالا۔
وادی کے معروف عالم دین اور کاروان اسلامی جموں کشمیر کے امیر اعلیٰ مولانا غلام رسول حامی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے بانی اسلام پیغمبر اکرم (ص) کے اخلاق و اوصاف بیان کرتے ہوئے کہاکہ دین اسلام کے دشمن روز اول سے ہی شیعہ اور سنی کے درمیان اختلافات پیدا کرکے وحدت اسلامی کے قلعے کو کمزور کرنے کیلئے کوششیں انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانان عالم پیغمبر اسلامؐ کی سیرت اور سنت سے درس حاصل کر کے مسلکی اختلافات کو مٹا کر رحمت للعالمین ؐکی خوشنودی حاصل کریں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شیخ غلام حسین جعفری نے کہا کہ رسول اکرمؐ نے سب سے پہلے ذات پات ،رنگ و نسل اور قبیلہ پروری کا خاتمہ کر کے اخوت اور بھائی چارہ کا درس دیا اور آج منافقین مسلمانوں کے صفوں میں اختلافات پیدا کرکے رسول اسلام ؐکے لائے ہوئے دین کو بدنام کرنے کیلئے دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
شعوری و غیر شعوری طور سامراجی حمایت یافتہ میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیر،فلسطین اور دیگر اسلامی ممالک میں میڈیانے جو رول ادا کیااس سے انسانیت بھر شرمسار ہوجاتی ہے۔
۔مولانا نے کہا عالم اسلام کے درمیان اتحاد تب تک ناممکن ہے جب تک وہ اسوہ رسولؐ اور سیرت اہلبیتؑ پر عمل پیر ا نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران میں عالمی وحدت کانفرنس میں دنیائے اسلام کے شیعہ سنی دانشوروں اور علمائے کرام کا ایک ساتھ جمع ہونا ایک خوش آئند اقدام ہے اور دشمنان اسلام کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔
مجلس میں وادی کے مشہور و معروف شاعر اہلبیت ؑ مدہوش بالہامی اور عوام کی بڑی تعداد نے نے شرکت کی۔