4بیٹوں اور2بھانجوں کے جنازوں کو کاندھا دینے والا لسہ خان وفات پا گئے

حریت رہنماؤں کا شاندار خراج پیش

سرینگر/’4بیٹوں اور2بھانجوںکے جنازوں کوکاندھادینے والے لسہ خان کوخراج‘پیش کرتے ہوئے حریت قائدین نے کہاکہ مرحوم کشمیر المیے اور کشمیریوں پر ڈھائے جارہے مظالم کی ایک علامت تھے۔انہوں نے لسہ خان اور انکے خانوادے کی قربانیوں کورواں جدوجہد کاانمول سرمایہ قراردیتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے ایک ایسی تاریخ رقم کی جو سنہری حروف سے لکھی جائیگی۔
”ولایت ٹائمز“ کوموصولہ بیان کے مطابق حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے 4جواں سال بیٹوں اور 2بھانجوں کے جنازوں کو کندھا دینے والے کو کرناگ کے لسہ خان کی رحلت پر اپنے گہرے رنج وغم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کے لیے دُعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لسہ خان کشمیر المیے اور کشمیریوں پر ڈھائے جارہے مظالم کی ایک علامت تھے اور اس پر جو کچھ بیتی ہے، وہ کشمیر کے تقریباً ہر خاندان کی داستان ہے اور گھر گھر کی کہانی ہے۔ اپنے ایک ٹیلی بیان میں سیدعلی گیلانی نے کہا کہ لسہ خان کو اپنی پوری زندگی کمر توڑ صدمات سے دوچار ہونا پڑا اور آج پوری قوم ان کی موت سے صدمے کا شکار ہوگئی ہے۔
حزب المجا ہدین کے ترجمان سلیم ہا شمی کی طرف سے کے این ایس کوموصولہ بیان کے مطابق حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے ایک تعز یتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صبر و استقا مت کی علامت لسہ خان تحریک آزادی جموں و کشمیر کے وہ روشن مینار ہیں ،جس کی کرنیں اند ھیروں کا سینہ ہر دور میں چا ک کرتی رہیںگی۔انہوں نے کہا مرحوم غلام رسول خان المعروف لسہ خان نے ایک ایسی تاریخ رقم کی ،جو سنہری حروف سے لکھی جائیگی اور جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ان کا پورا خاندان لٹ گیا ،لیکن انہوں نے کبھی با طل قوتوں کے سا منے معمولی کمزوری تک کا احساس نہیں دیا۔
موصولہ بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ کے علیل چیئرمین محمد یاسین ملک نے سونہ براری کوکرناگ جاکر ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم لسہ خان جیسے عظیم لوگوں اور خاندانوں کی قربانیاں ہمارا بیش قیمتی اثاثہ ہیں۔یہ قربانیاں ہمیں کٹھن حالات میں تحریک آزادی کے خاردار راہوں پر چلنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ملک یاسین کاکہناتھاکہ اس خاندان نے اپنے چھ بیٹوں کو راہ آزادی میں قربان کیا لیکن کبھی بھی اپنے ماتھے پر شکن نہ آنے دی یہی وجہ ہے کہ قوم کشمیر ایسے خاندانوں کی مقروض ہے۔ انہوں نے مرحوم لسہ خان اور انکے خانوادے کی تحریکی خدمات اور بیش بہا قربانیوں کو سلام ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لسہ خان اور انکی قبیل کے لوگ قوموں کا افتخار ہوا لرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان ہی لوگوں کی قربانیاں ہیں جو ہمیں کٹھن مراحل میں آگے بڑھتے رہنے کا حوصلہ اور جذبہ بخشتے رہتے ہیں۔
حریت(ع) نے سونہ براری کولگام کے بزرگ حریت پسند شہری غلام رسول”لسہ خان“ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حریت(ع)ترجمان نے مرحوم کی تحریک مزاحمت کے تئیں بے مثال قربانیوں اور مصائب و آلام پر صبر و استقامت کیلئے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اپنی اولادوں کواس قوم کے مستقبل کے خاطر قربان کرنے والی اس عمر رسیدہ بزرگ اور اس کی بزرگ شریک حیات نے غم و آلام کے باوجود جس پامردی سے مشکلات کا سامنا کیا وہ دوسروں کیلئے قابل تقلید ہے ۔