سرینگر:سرزمین کشمیر کے نوجوان اہلسنت عالم دین پیر سید اشفاق بخاری نے کہا کہ شیخ باقر النمر اپنے حقوق کے لئے مطالبات کررہے تھے اور اپنے بنیادی حقوق، آزادی وسربلندی کے لئے جد و جہد ہی اصل اسلام ہے۔’’ولایت ٹائمز‘‘ نے نقل کیا ہے کہ ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو دئے گئے انٹریو میںجموں و کشمیر کاروان شاہ ہمدان کے سربراہ پیر سید اشفاق بخاری نے کہا کہ باطل کے سامنے حق کی آواز بلند کرنا ہی تعلیمات اسلام ہیں۔ اگر دیکھا جائے تو سعودی عرب کا نظام حکومت باطل نظام حکومت ہے۔ہم صرف نظام خلافت کے قائل ہیں؟ اسلام نہ نظام ملوکیت کی اجازت دیتا ہے نہ نظام بادشاہت کی۔ نظام ملوکیت میں اسلامی قوانین کے نفاذ کی بات کرنا خود اسلامی قوانین کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان صرف اللہ، رسول اللہ ﷺ اور اولی الامر کے حکم کے پابند ہیں کوئی بادشاہ اسلام کا دعوے دار کیسے ہوسکتا ہے۔انہوں نےاتحاد بین المسلمین کو اسلامی کی سربلندی کا سرچشمہ قرار دیا۔