سرینگر/نمائندہ ولایت تائمز /امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس ( یروشلم) کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف پوری مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ ریاست کے جموں،کشمیر اور لداخ خطوں میں بے چینی، اضطراب اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوام نے بلالحاظ مذہب و مسلک نے اس فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیاہے۔’’ولایت ٹائمز‘کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست میں تینوں خطوں کے مختلف اضلاع میں مذہبی، سیاسی و سماجی انجمنوں کے اہتمام سے امریکی صدر کے اعلان کیخلاف حتجاجی مظاہروں اور تقریبات منعقد ہوئیجس کے دوران کئی مقامات پر ٹرمپ و صیہونی وزیر اعظم کے پتلے بھی نذر آتش کئے گئے۔مظاہرین ہاتھوں میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں پلے کارڈس تھامے نیز قبلہ اوّل کی بازیابی کے حوالے سے فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے۔احتجاجی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی و سیاسی قائدین نے کہا کہ اس بے وقوفانہ امریکی فیصلے کی وجہ سے دنیا کے امن و استحکام میں مزید ابتر ی پیدا ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ اس فیصلے نے دنیا میں رہنے والے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کردیا ہے۔ انہوں نے عالم انسانیت کے ذی ہوش لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس بے ہودہ امریکی فیصلے کو بدلنے کیلئے اپنا دباؤ بنارکھیں۔عالم اسلام سے اتحاد و اتفاق قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اتحاد و اتفاق اور یکسوئی ہی ہے کہ جس سے ہم مسلمانوں کے خلاف ہورہی سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں اور قبلہ اوّل کو صیہونی اسرائیل سے آزاد کراسکیں گے۔ لداخ کے ضلع کرگل میں بھی مذکورہ فیصلے کیخلاف عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں علمائے کی خاصی تعداد اور عوام کی بھاری جمعیت نے شرکت کی۔واضح رہے کشمیر کی مشترکہ دینی انجمن متحدہ مجلس علماء اور مشترکہ مزاہمتی قیادت نے روز جمعہ کو پرامن ہڑتال کال کا اعلان کیا تھا ۔’’ولایت ٹائمز ‘‘قارئین محترم کی خدمت میں ریاست جموں کشمیر کی معروف دینی، سیاسی شخصیات کے اس فیصلے پر ردعمل و پیغامات پیش کرتا ہے۔
امریکہ اسلام مخالف پالیسی پر گامزن:سید علی گیلانی
بزرگ رہنما و حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے عالم اسلام کے سبھی معزز ممبران ممالک سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملی مسائل کے حوالے سے صرف بیانات اور کانفرنسیں بلائے جانے پر اکتفا نہ کیا جائے، بلکہ اتحاد واتفاق اور آپسی بھائی چارے کو ٹھوس عملی شکل دے کر پوری سنجیدگی کے ساتھ دشمنان اسلام کی مکروہ سازشوں اور نت نئے فتنوں کا قلع قمع کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ حریت چیرمین نے امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ بنائے جانے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اس پالیسی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ امریکہ کی اسلام دشمن پالیسیوں کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایک طرف جمہوریت اور انصاف کی بڑی بڑی باتیں کررہا ہے اور دوسری طرف جملہ مسلم ممالک کے ساتھ تعصب اور کینہ پروری کی پالیسی پر گامزن ہے۔
ٹرنپ نے اسلام کے سینے میں خنجر گھونپ دیا :میرواعظ
سرینگر/متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے امیر اعلیٰ و حریت (ع) کے چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس(یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان پر شدید برہمی اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی حکومت کی اس جارحانہ پالیسی کی شدید مذمت کی ہے ۔متحدہ مجلس علماء نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس جارحانہ فیصلے کے نتیجے میں عالم اسلام کے سینے میں خنجر گھونپنے کے کے متادف قرار دیا۔ دنیا بھر کے سوا ارب سے زیادہ مسلمان مقبوضہ بیت المقدس اور قبلہ اول مسجد اقصیٰ کے تقدس اور حرمت کو اپنے ایمان کا حصہ تصور کرتے ہیں اور ان مقامات سے مسلمانوں کی وابستگی اور دینی عقیدت انتہائی شدید اور گہری ہے ۔
القدس عالم اسلام کے دلوں کی دھڑکن:مولوی عباس
سرینگر /اتحاد المسلمین جموں و کشمیر سرپرست اعلیٰ اورسابق حریت چیئر مین مولانا محمد عباس انصاری نے ٹرمپ کے بیان پر شیدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کو احمقانہ اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے امت مسلمہ کو یک جٹ ہوکر ٹرمپ کے احمقانہ فیصلے پر آواز اٹھانے کی اپیل کی ہے ۔بیت المقدس عالم اسلام کے دلوں کی دھڑکن ہے اور کسی بھی طریقے سے اس کا تقدس پامال کرنا کسی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وقتاً فوقتاً امریکی انتظامیہ کی جانب سے عالم اسلام کے دل مجروح کرنے کی کوششیں کی گئی لیکن بدقسمتی سے امت اسلامیہ آپسی گروہی اور مسلکی منافرت کے دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں اور عالم اسلام کے خلاف ہورہے سازشوں سے بے خبر ہیں ۔
اتحاد اُمت میں تمام مسائل کا حل مضمر:مولانا حامی
اتحاد ملت سے ہی عالم انسانیت اور عالم اسلام کے تمام مسائل و آلام کا حل ممکن ہے مسلمانوں کی یکجہتی و یکسوئی اس وقت پورے ملت اسلامیہ کے لئے اکسیر اعظم کی حثیت رکھتا ہے۔یہ انتہائی قابل مذمت پہلو ہے کہ امریکہ نے قبلہ اول بیت المقدس کو یہودیوں کا دار الخلافہ قرار دیکر پورے مشرق وسطیٰ کو ایک بار پھر یہودی تعصبانہ نظریے سے ایک نئے جنگ اور بدامنی کے ماحول میں دھکیل کر صہیونی طاقتوں کو مضبوط کرکے اسلام دشمنی کا واضح ثبوت پیش کیا ہے امریکہ نے پچھلے 70 برسوں میں نصف سے زیادہ دنیا کو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ مسلمانوں کا تشخص صہیونی قوتوں سے امریکی ٹرمپ پالیسی سے مٹایا جارہا ہے وقت آچکا ھے کہ چھوٹے بڑے تمام اسلامی ممالک کا اتحاد ٹرمپ جیسے مسلم دشمن کو پسپا کرنے کے لئے نا گزیر ہے۔صہیونی طاقتیں اس وقت مسلمانوں کو آپسی فسادات میں الجھا کر تباہی کی طرف دھکیلنے کی انتہائی مزموم کوششوں میں مصروف ہیں جس سے عالم اسلام میں پھیلے ہوئے فسادات سے ا سوقت خون نا حق کا ایک ٹھا ٹھیں مارتا سمندر جس کی مثال شام، مصر ،یمن اور عراق جیسے ممالک میں ہمارے سامنے عیاں ہے۔
بیت المقدس کا تقدس ایک مسلمہ حقیقت:آغا حسن
انجمن شرعی شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ سرزمین قدس انبیاء کرام کا مسکن ہے۔ جس کے تقدس ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ اس سرزمین کو اسرائیل کا دارالخلافہ بنانے کی امریکی صدر کی ضد اسلام اور مسلمین کے خلاف جارحانہ جذبات کی عکاسی ہے۔ اگر امریکی صدر نے اپنے اس مذموم ارادے کو عملی شکل دینے کا اقدام کیا تو نہ صرف ،شرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن پر بھی اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔ یہ مذموم ارادہ دنیا کے 56 ممالک کے حکومتوں کیلئے دینی اور ملی غیرت کے حوالے سے ایک کڑی آزمائش ہے۔
ٹرنپ کا فیصلہ غیر ذمہ دارانہ اور اسلام مخالف: ڈاکٹر فاروق
ریاست جموں کشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے امریکہ کی طرف سے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرپ کے تاناشاہی پر مبنی اس اعلان سے عالم اسلام کے دل مجروح ہوئے ہیں اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ و پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ فلسطینی عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے جو اقوام عالم کو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مہذب ممالک نے بھرپور طریقے سے فلسطینیوں کے ساتھ اپنے حمایت کا اعلان کیا ہے اور اہل جموں وکشمیر بھی فلسطین بھائیوں کے شانہ بہ شانہ ہیں۔
اعلان افسوسناک انجینئررشید
عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ عالمی برادری دبے کچلے لوگوں،باالخصوص مسلمانوں، کو انصاف دلانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دیکر پوری دنیا میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کردئے ہیں۔ ایک طرف عالمی طاقتیں پوری عرب خطے میں شرمناک کھیل کھیل رہے ہیں اور دوسری جانب امریکہ نے اب باضابطہ طور یوروشلم کو اسرائیلی دار الخلافہ تسلیم کرنے کا فیصلہ کا اعلان کر لیا۔
اس کے علاوہ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ مولانا ریاض احمد ہمدانی ، پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط شبیر قمی، انجمن علماء و ائمہ مساجد جنوبی کشمیرکے سرپرست اعلیٰ و مہتمم دارلعلوم سید المرسلین چوگام حافظ محمد اشرفی ، جمعیت علماء اہلسنت والجماعت، امام خمینی ؒ ٹرسٹ کرگل نے اس اعلان کی سخت مذمت کی اور اپنا احتجاج درج کیا۔