آغا سید حسن کا عمران خان کے نام مکتوب، پاکستان میں شرپسندقوتوں کو لگام دینے کی ضرورت پر زور، عزادارو ں کورہا کرنے کی اپیل

سرینگر/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/18ستمبر 2020//جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے خانہ محبوس صدر اور جعفریہ سپریم کونسل آزادجموں و کشمیر کے سرپرست اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی طرف سے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کودلی میں متعین پاکستانی قائم مقام ہائی کمشنرسید حیدر شاہ کی وساطت سے ایک مکتوب روانہ کیا گیا جس میں وزیر اعظم پاکستان سے استدعا کی گئی ہے کہ عشرہ محرم کے دوران مراسم عزاداری کے ساتھ جڑے معاملے میں گرفتار کئے گئے عزاداروں کو بلا تاخیر رہا کیا جائے اور اس سلسلے میں درج معاملات کو خارج کیا جائے۔

ولایت ٹاءمز کو موصولہ بیان کے مطابق مکتوب میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ مسلمانوں کے درمیان فروعی معاملات میں اختلافات ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ ان اختلافات کا مکمل طور پر خاتمہ بعید از امکان ہے اور بہترین حکمت عملی یہ ہے کہ ہر مسلک کے ماننے والے اپنی نہ چھوڑیں لیکن دوسروں کو بھی کسی بھی حال میں نہ چھیڑیں۔شیعیان عالم کے مراجع عظام نے اس حوالے سے واضح احکامات اور فتوے جاری کئے ہیں کہ کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین فعل حرام ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں ایک فروعی معاملے کو بنیاد بناکر چند شر پسند عناصر کی طرف سے شور مچایا گیا اورعزاداروں کی ایک بڑی تعداد کو گرفتار کیا گیا جن کے خلاف سنگین معاملات بھی درج کئے گئے ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے اسلام میں ملی وحدت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ایسے معاملات کو اچھال کر دشمن قوتیں اپنے حقیر مقاصد کی تکمیل کا راستہ ہموار کرسکتی ہیں۔لہذا اس معاملے کو طول نہ دیا جائے اور تمام طبقہ ہائے فکر کے مسلمانوں کو اس ملی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔ دینی مراسم کے دوران ایسے حرکات و سکنات سے گریز کیا جائے جس سے کسی دوسرے مسلک یا فرقہ کے جذبات مجروح ہونے کا اندیشہ ہو۔ مکتوب میں امید ظاہر کی گئی کہ معاملہ ھٰذا میں گرفتار کردہ عزاداروں کو رہا کیا جائے گا اور درج معاملات کو خارج کرکے دور اندیشی کا ثبوت فراہم کیا جائے۔ قائم مقام ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ وہ بلا تاخیر مکتوب ھٰذا پاکستانی وزیر اعظم جناب عمران خان کو پہنچائیں گے۔