ایران اور سعودی عرب اُمت مسلمہ کو مصائب سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھائیں:میرواعظ

سرینگر/متحدہ مجلس علماء کے امیر اور کل جماعتی حریت کانفرنس (ع)کے چیئرمین جناب میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے ملت اسلامیہ میں موجودہ انتشاری کیفیت کو ہر لحاظ سے پریشان کن اور اسلام دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کی تکمیل کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسلمانان عالم سے بالعموم اور اسلامیان کشمیر سے بالخصوص ہر قسم کے انتشار اور اختلاف سے بچنے کے ساتھ ساتھ باہمی اتحاد و اتفاق اور ملی وحدت کے مظاہرے کی اپیل کی ہے۔
’’ولایت ٹائمز‘‘ کو موصولہ بیان کے مطابق میرواعظ نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ کئی مسلم ممالک میں پہلے سے جاری شورش کے سبب نہتے انسانوں کا خون بڑی بے دردی کے ساتھ بہایا جا رہا ہے ۔ ایران اور سعودی عرب جیسے اہم اسلامی ممالک کو باہم دست و گریبان ہونے کے بجائے قائدانہ کردار ادا کر کے باقی اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر مسلم دنیا میں جاری کشت و خون روکنے کیلئے بامعنی اقدامات اٹھانے چائیں۔
میرواعظ نے کہا کہ اسلامی دنیا آج کئی طرح کے سنگین مسائیل اور مشکلات میں گھری ہوئی ہے اور یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ تشدد اور انتہا پسندی کو اسلام کیساتھ جوڑنے کی اسلام دشمن قوتوں کے منصوبوں کا سدباب کرنے کے بجائے ذمہ دار اسلامی ممالک باہمی انتشار و افتراق کے شکار ہوکر اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کی آفاقی اور انسانیت ساز تعلیمات سے دور ہوتے چلے جارہے ہیں اور قدرتی وسائل سے لیس اور جغرافیائی محل وقو ع کی اہمیت کے پیش نظر مسلم دنیا عالمی سطح پر بدلتے سیاسی حالات میں جو قائدانہ کردار ادا کرسکتی تھی موجودہ انتشار اس راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
اس دوران میرواعظ نے گزشتہ روز شہر کے بیشتر علاقوں میں نہتے مظاہرین کیخلاف پولیس اور فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں، ٹیر گیس شلنگ، لاٹھی چارچ، پیپر گیس کے بے تحاشہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے نہتے عوام کیخلاف ایسی غیر اخلاقی اور بلا جواز کاروائیوں کو سرکاری دہشت گردی کا بدترین نمونہ قرار دیا ہے۔
سیکریٹری