ایران میں پھنسےزائرین کی ناگفتہ حالت، مرکزی سرکار کشمیر واپسی کیلئےجلد اقدامات اٹھائیں:آغا سید حسن

سرینگر/سینئر حریت رہنما اور انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے خانہ محبوس صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایران میں گزشتہ کئی ماہ سے پھنسے کشمیری زائرین کے ناگفتہ بہ حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مرکزی سرکار سے ان کی جلد از جلد وطن واپسی کیلئے ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
ولایت ٹائمز کو موصولہ بیان کے مطابق آغا سید حسن نے کہا کہ یہ زائرین کئی ماہ سے وطن واپسی کا انتظار کررہے ہیں اور ان کا زاد راہ کب کا ختم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ان کے اہل خانہ کو فکرو تشویش لاحق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان زائرین میں عمر رسیدہ مرد و خواتین کی خاصی تعداد شامل ہیں جن کو ناگفتہ بہ حالات کی وجہ سے صحت و سلامتی کے حوالے سے بھی خدشات کا سامنا ہے۔
انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے صدرنے افسوس ظاہر کیا کہ ایران میں پھنسے کشمیری زائرین کی وطن واپسی کے حوالے سے مرکزی سرکار دوہرے معیار کا مظاہرہ کررہی ہے بالخصوص وادی کشمیر سے وابستہ زائرین کو اپنے حال پر چھوڑدیا جارہا ہے۔ لہذا ان زائرین کو جلد از جلد اپنے گھروں کو پہنچاکر احترام انسانیت کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔