سرینگر/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/۲۶ نومبر/معروف نوجوان کشمیری مذہبی اسکالر وسیم رضا نے جموں کشمیر کے بزرگ سیاسی و مذہبی رہنما مولانا عباس انصاری کی اہلیہ اور مولانا مسروس عباس انصاری کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ کنبے سے تعزیت و تسلیت پرسی کی۔
قم المقدس ایران سے جاری ایک تعزیتی پیغام میں جامعۃ المصطفیٰ(ص) العالمیہ تحت حوزہ علمیہ قم میں زیر تعلیم کشمیر کے نوجوان مذہبی اسکالر اور جموں و کشمیر کے سماجی و سیاسی تجزیہ نگار وسیم رضا نے خانوادہ انصاری کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ خداوند پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا فرما ئے۔
وسیم رضا کشمیری نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ سابق حریت چیرمین اور اتحادالمسلمین کے سرپرست اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری ، فرزند حجۃ الاسلام مولانا مسرور عباس انصاری اور ان کے اہل خانہ کے لئے یہ ایک انتہائی سخت اور نازک وقت ہے۔ اللہ تعالی ٰ سے دست بدعا ہوں کہ مرحومہ کو جوار رحمت میں قرار دیتے ہوئے لواحقین کو ایسے تاریک اوقات کا سامنا کرنے کی قدرت سے نوازے۔
دریں اثنا انہوں نے لکھنو ہندوستان کے معروف عالم دین، ماہر تعلیم ، مصنف اور خطیب ڈاکٹر کلب صادق کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔