جموں /سیاحت اورپھولبانی کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے کہا کہ گل لالہ فیسٹول اس سال کے بہار کشمیر کا ایک حصہ ہوگا جو ایشیا کے سب سے بڑے گل لالہ باغ میں منعقد ہوگا جہاں 46 اقسام کے 20لاکھ سے زائد گل لالہ اُگائے گئے ہیں ۔ یہ باغ سرینگر کے زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ہے۔
سیکرٹری موصوف نے کہا کہ یہ میلہ 14روز تک جاری رہے اور اس دوران وادی کی دستکاری مصنوعات اور پکوانوں پر سٹال لگائے جائیں گے۔
فاروق احمد شاہ نے مزید کہا کہ اس میلے کے حاشیہ پر ایک عالمی مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اُردو کے معروف شعراء شرکت کریں گے اور یہ ایک مشاعرہ اپنی نوعیت کا پہلا مشاعرہ ہوگا۔ناظم پھولبانی کشمیر ایم ایچ میر ، ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ظہو ر پیرزادہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔