سرینگر/جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں شر پسندانہ حرکت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔ ’’ولایت ٹائمز‘ ‘ کو موصولہ بیان کے مطابق تنظیم کے سربراہ و سینئرحریت رہنما مولانا عباس انصاری نے جامع مسجد کے تقدس کی بے حرمتی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مذموم کاروائیوں کے پیچھے ایک گہری سازش ہے جس کو بے نقاب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ خانہ خدا اور منبر رسولؐ کی بے حرمتی انتہائی مذموم اور ناقابل برداشت عمل ہے ان دونوں کی حرمت اور تقدس کا محافظ بننا مظلوم کشمیری قوم کا اولین فریضہ ہے۔ مولانا نے کہا کہ استعماری ایجنسیوں نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے متعدد بار سازشیں رچا کر ہماری عبادتگاہوں،روحانی مراکز اورمقدس کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے کشمیری قوم کے جذبات مجروع کرنے کی کوششیں کی ہے لیکن غیور اور باہوش ملت نے متحد ہوکر ان تمام سازشوں کا مقابلہ کرکے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے سانحہ جامع مسجدکو اسی سلسلہ کی ایک کڑی گردانتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد سرینگر ملت کشمیر کا روحانی و سیاسی مرکز ہے جہاں مظلوم قوم کی دینی،سماجی اور حق پر صداقت پر مبنی سیاسی فرائض کی ترجمانی کی جاتی ہے لہذا اسکے تقدس کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔مولانا عباس انصاری نے کشمیر میں ملی اتحاد کو زک پہنچانے کی کوششوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے علمائے کرام،متحدہ مزاحمتی قیادت،دانشور حضرات اور ذی شعور افراد سے اپیل کی کہ وہ اتحاد مخالف تمام کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں اور بین المسلکی اختلافات کوہوا دینے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ نام نہاد واعظین اسلامی آداب و قوانین کو بالائے طاق رکھ کر زبان درازی کرکے بل جھجک مسلمانوں پر کفر کا فتویٰ لگارہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہونے کے ساتھ ساتھ جہالت کی انتہا ہے۔ انصاری صاحب نے کہا کہ شیعہ و سنی مسلک کے مقدسات کی توہین کرنے والے استعماری آلہ کار ہیں جن پر کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ کشمیر میں صدیوں پرانی بھائی چارگی، اخوت وبرادری اور اتحاد و اتفاق کی فضا میں کسی بھی صورت میں پھوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ جذبات کو قابو میں رکھ کر ایجنسیوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔