سرینگر/شمالی کشمیر میں شجر کاری کی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے سنجیدگی اور فرض شناسی سے اپنی خدمات انجا دیں ۔ سیلاب سے متاثرہ کنبوں کو امداد فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ باز آباد کاری کے اقدامات اٹھانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔
بارہمولہ ڈگری کالج میں شجر کاری کا افتتاح کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر کشمیر اصغر حسن سامون نے کہا کہ ریاست خاص کر وادی کشمیر کی ہریالی کے لئے شجر کاری لازمی ہے اور جن وجوہات کی بناءپر وادی کشمیر کو جنت بے نظیر کہا جا تا ہے انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارہمولہ ضلع میں شجر کاری کے دوران دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔
شجر کاری کا افتتاح کرنے کے بعد ڈاک بنگلہ میں افسروں کی میٹنگ کے دوران تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے محکمہ مال ، آر اینڈ بی ، پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی اداروں پر زور دیاکہ وہ عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اپنے اختیارات کا جائز استعمال کریں اور رشوت کی بدعت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں ۔ افسروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے ضلع میں سیلاب سے متاثرہ تاجروں اور دوسرے کنبوں کو رواں ماہ کے دوران 11کروڑ 50لاکھ روپے امداد کی صورت میں فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ باز آباد کاری کے سلسلے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائے گا۔