حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈرریاض نائکواور عادل فوج کے ہاتھوں جاں بحق

سرینگر/ کشمیر میں سیکورٹی افواج نے حزب المجاہدین کے اعلی ترین کمانڈرریاض نائکوکوجاں بحق کردیا ہے۔ ان کے ساتھ  محمد عادل احمدکو بھی جاں بحق کردیا گیا۔جس کے بعد کشمیر میں حفاظتی اقدامات انتہائی سخت کر دئے گئے ہیں۔ولایت ٹائمز نے نقل کیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر ریاض نائکو کے ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ گاوں میں آنے کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز بشمول راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مشترکہ طور پر گاؤں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا۔اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر کے انتہائی مطلوب عسکریت پسند کمانڈر ریاض نائکو کے آبائی گاوں میں سکیورٹی فورسز نے منگل کی شام ایک بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ذرائع نے بتایا کہ بیگ پورہ کے علاوہ گلزار پورہ گاوں کو بھی محاصرہ میں لے لیا ہے اور یہاں بھی تلاشی کاروائی شروع کی گئی۔نائکو کے ساتھ عادل احمد عرف ڈاکٹر سیف اللہ  بھی مارے جاچکے ہیں۔کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ۔حکام نے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ جنوبی کشمیر میں جاری دو مسلح تصادم اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔جموں و کشمیر کے گرمائی دار الحکومت سمیت پورے کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔سیکورٹی فورسز نے کارروائی کو بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔