’سانحہ شوپیان تاریخ کا بدترین واقعہ‘؛مزاحمتی خیمے کا آسیہ و نیلوفر کو خراج عقیدت پیش

سرینگر/حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی، فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ اور سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے سانحہ شاپیان کی ساتویں برسی کے موقعہ پر آسیہ اور نیلوفر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اس دلدوز واقعہ کی کسی غیرجانبدار عالمی ادارے کے ذریعے تحقیقات کرانے کی مانگ کی۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے 30مئی سوموار کو جنوبی کشمیر(شوپیان، اسلام آباد، کولگام اور پلوامہ) میں ایک روزہ ہڑتال کرنے کی کال دی ہے۔گیلانی نے اس دلدوز واقعہ کی کسی غیرجانبدار عالمی ادارے کے ذریعے سے تحقیقات کرانے کی اپنی مانگ دہراتے ہوئے کہا کہ اس وقت کی عمر عبداللہ سرکار نے اس واقعہ کی اصلیت چھپانے میں اہم رول ادا کیا اور قاتلوں کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قانون کی گرفت سے بچ جانے کا موقعہ فراہم کیا گیا۔
ایک بیان میں گیلانی نے کہا ہے کہ کْنن پوشہ پورہ کے اجتماعی عصمت دری سانحہ کے بعد آسیہ نیلوفر کا واقعہ کشمیر کی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے اور اس نے پوری کشمیری قوم کے اجتماعی ضمیر پر ایک کاری ضرب لگادی ہے۔انہوں نے مشترکہ پروگرام کے سلسلے میں گرفتار کئے گئے لیڈران اور کارکنان کو مسلسل نظربند رکھنے کی حکومتی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی حکومت آزادی پسندوں کو سیاسی میدان سے دْور رکھ کر یہاں بھارت کی ہندو فرقہ پرست ذہنیت کو پروان چڑھانا چاہتی ہے۔
فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ دنیا کی کو ئی بھی غیرت مند قوم اپنی بہو بیٹیوں پر عزت ریز ی کی کوششوں کو برداشت نہیں کرسکتی ہے۔انہوں نے آ زادی پسند قیادت اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر سال30 مئی کی تاریخ کو’’ تحفظ خواتین ‘‘کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے دن کے طور پر منا ئیں۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے آسیہ اور نیلوفرکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔ظفر بٹ نے کہا کہ شوپیاں کے اس قتل و عصمت ریزی کے سانحہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی بلکہ ملوث اہلکاروں کو سزا دلانے کے بجائے انعامات و ترقی سے نوازا گیا۔