سرینگر/یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ صہیونی طاقتوں نے اپنے ناپاک عزائم اور مسلمانوں کو پست کرنے کیلئے سازشیں رچیں اور ہم مسلمان ان سازشوں کا آسانی سے شکار بن گئے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے الزام میں مسلمانوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جا رہا ہے اور مذہبی معاملات میں دخل اندازی کی جارہی ہے۔ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اتوار کو محلہ مخدوم صاحب میں حضرت سلطان العارفین کمیونٹی ہال میں لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کہا آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ مسلمانوں کے عائلی قوانین میں دخل اندازی کی کوشش کی جا رہی ہے، طلاق ثلاثہ کا بہانہ بنا کر یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں ،دہشت گردی کے الزام میں مسلمانوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جا رہا ہے اور مذہبی معاملات میں دخل اندازی کی جارہی ہے۔ آخر ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ پوری دنیا میں مسلمان کیوں مارا مارا پھر رہا ہے ؟اس سب کا قصوروار اور کوئی نہیں بلکہ خود ہم ہیں، مسلمانوں میں آپسی اتحاد و اتفاق کا فقدان ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ قوموں کے عروج و زوال، سربلندی،ترقی و تنزلی،خوش حالی و فارغ البالی اور بد حالی میں اتحاد و اتفاق کا ہونا اور نہ ہونا کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔ آج دنیا میں ملت اسلامیہ پریشانِ حال اور مشکلات سے دوچار ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ ہے کہ مسلمانوں میں جذبہ اخوت، ہمدردی، آپسی سوجھ بوجھ، اتحاد و اتفاق کا فقدان ہے۔جب تک اُمت مسلمانوں متحد تھی تب تک ہر ایک مسلم مملکت خوشحال اور ترقی یافتہ تھی۔