عالمی برادری فورسز کی مظلوم کشمیریوں پر بربریت کا نوٹس لے:پاکستان دفتر خارجہ

سرینگر/ پاکستان نے عالمی برادری سے کشمیر میں مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن اپنی ٹیم کشمیر بھیجے۔ دفتر خارجہ ترجمان کے مطابق بھارت نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو مسلسل نظر بند رکھا ہے جبکہ پاکستان کی جیت پر جشن منانے والے کشمیریوں کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔ جے کے این ایس مانٹرنگ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، رواں ہفتے درجنوں افراد کو نشانہ بنایا گیا، چیمپئنزٹرافی میں پاکستانی جیت کا جشن منانے والے کشمیریوں کوگرفتار کیا گیا، بھارت کی جانب سے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو مسلسل نظر بند رکھا گیا ہے، بھارتی آرمی چیف کا بیان زمینی حقائق کے منافی ہے، بھارتی فوج کشمیر میں 10 لاکھ نہتے کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے، بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے جعلی کارروائیاں کیں، لیفٹننٹ جنرل ایس کے گل کا حالیہ انٹرویو بھارت اس بات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کمیشن اپنی ٹیم کشمیر بھیجے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کاروائیاں ہمارے قومی مفاد کے تحت ہیں، پاکستان پرعزم ہے کہ اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔