فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والی آوازیں قوم کے دشمن ہیں:محمد یٰسین ملک

سرینگر/سرکردہ آزادی پسند رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک نے وادی میں فرقہ وارانہ اختلاف پھیلانے والوں کو سخت خبردار کیا ہے۔’’ولایت ٹائمز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق سرینگر کے قلب لالچوک آبی گذر میں واقع مسجد بلال میں نماز جمعہ کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ وادی میں کچھ مولوی حضرات کی جانب سے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اور مواد کی ترویج ہورہی ہے اور یوں مسلمانوں کی صفوں کے اندر انتشار و افتراق پھیلانے کا کام کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض مولوی حضرات اپنی نفرت آمیز تقاریر، ایک دوسرے کی تکفیر، طعن و تشنیع کرکے مسلمانوں کو تقسیم در تقسیم کرنے کا سبب بن رہے ہیں اور اگر انہیں فورا روکا نہیں گیا تو بڑی تباہی پیش آسکتی ہے۔محمد یاسین ملک کا کہنا تھا کہ علمائے دین اور خطیب حضرات ہمارے سماج کا سب سے قابل احترام طبقہ ہیں لیکن یہ عزت و وقار ان کیلئے ذمہ داریاں بھی ساتھ لئے ہوئے ہے۔انہوں علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کی نشاندھی کریں کہ جن کا واحد کام میڈیا خاص طور پر سوشل میڈیا اور مساجد سے نفرت آمیز تقاریر اور مواد پھیلانا رہ گیا ہے۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ان کالی بھیڑوں کی وجہ سے ملت اسلامیہ کا شیرازہ بکھرجانے اور ہمارے درمیان موجود خلیج مزید گہری ہوجانے کا اندیشہ لاحق ہورہا ہے۔