قوموں کی ترقی کا راز علم اور اتحاد میں پوشیدہ ہے:نمائندہ ولی فقیہ حاج آقائی مہدی مہدوی پور

لکھنو/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/ ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع مئو کے بڑا گاؤں گھوسی میںنمائند ہ ولی فقیہ آیت اللہ حاج آقائی مہدی مہدوی پور نے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی و پیش رفت کا پہلا عامل علم ہے۔قوموں کی ترقی کے پانچ عوامل ہیں۔پہلا عامل علم ہے دوسرے ایمان و تقویٰ تیسرے اتحاد و یکجہتی چوتھے قیادت و رہبری پانچویں ولایت فقیہ جو قیادت رہبری سے ہی مربوط ہے۔دینی رہبری و سماجی رہبری شان ہے ائمہ معصومین ؑکی ۔لیکن جو امامِ معصوم کی جانب سے حق نیابت رکھتے ہیں ان کی بھی اطاعت لازم ہے۔ حضر ت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف فرماتے ہیں : غیبت کبریٰ کے زمانہ میں ہماری حدیثوں کو بیان کرنے والےراویوں کی طرف رجوع کرو کیونکہ وہ ہماری طرف سے تم پر حجت ہیں جس طرح ہم اللہ کی طرف سے حجت ہیں ۔

ولایت ٹائمز نے نقل کیا ہے کہ حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے ضلع مئو کے بڑا گاؤں گھوسی میں حجۃ الاسلام و المسلمین حاج آقائی مہدی مہدوی پور، ہندوستان کیلئے نمائندۂ رہبر معظم حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی الحسینی خامنہ ای حفظہ اللہ نے۱۷ نومبر بروز بدھوار کو مدرسہ حسینیہ کی تعمیر نو کی رسم سنگ بنیاد کے موقع پر ’’عظمت پیغمبر اکرم اور دور حاضر میں ولایت فقیہ کی اہمیت و ضرورت‘‘ کے موضوع پر اساتید و طلاب مدرسہ حسینیہ کی جانب سے منعقد یک روزہ عظیم الشان کانفرنس کی صدارت کی اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔

مولانا ابن حسن املوی واعظ نے کہا اس مبارک موقع پر ایسا محسوس ہورہا ہےکہ ایک چھوٹا گاؤں واقعی بڑا گاؤں ہے۔ امید ہے کہ اب ان شاءاللہ یہاں گلشن تعلیم میں تازہ بہار آئے گی اور علم و ادب کے نئے نئے گل و غنچے کھلیں گے۔

کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی مولانا سید تقی نقوی ایرانی کلچر ہاؤس نئی دہلی، مولانا ناظم علی واعظ مدیر جامعہ حیدریہ خیرآباد مئو، مولانا شمشیر علی مختاری مدیر و پرنسپل مدرسہ جعفریہ کوپا گنج مئو،مولانا سید صفی حیدر سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ،مولانا ابن حسن واعظ مدیر حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو مبارکپو،مولانا سید تہذیب الحسن امام جمعہ رانچی ، مولانا سید صفدر حسین زیدی مدیر جامعہ امام جعفر صادق ؑ جونپور،مولانا سید انوار حسین رضوی چیر مین الحیات ٹرسٹ اعظم گڑھ،مولانا سید محمد مہدی زعیم جامعہ امام مہدی ؑ اعظم گڑھ اسٹیج پر تشریف فرما تھے۔

پروگرام کا آغاز مولانا علی امام نجفی نے تلات قرآن مجید سے کیا جس کے بعد مدرسہ حسینیہ کی طالبات نے نشید پیش کی اورپھر طلبہ و طالبات نے الگ الگ گروپوں کی شکل میں مل کر مختلف موضوعات کے تحت اردو،فارسی،عربی اور انگریزی زبانوں میں شاندار مکالمے اور تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔ ادھر مولانا شجاعت پرنسپل مدرسہ حسینیہ ،مولانا مظاہر حسین، مولانا صفدر حسین ،مولانا صفی حیدر ،مولانا کاظم حسین منیجر مدرسہ حسینیہ،مولانا ناظم علی اور دیگر مقررین نے کانفرنس کو خطاب کیا۔

مدرسہ حسینیہ کی تعمیر نو کے لئے رسم سنگ بنیاد بدست حجۃ الاسلام و المسلمین مہدی مہدوی پور انجام پائی ۔اس موقع پرایک سو سے زائد پوروانچل کے محترم و معزز علماء و افاضل سمیت کثیر تعداد میں مقامی و غیر مقامی طلبہ اورمومنین و مسلمین پروگرام میں شریک ہوئے۔

اس دوران ہندوستان میں نمائندۂ مقام معظم رہبری نےاپنےکہا کہ مسجد دو چیزوں سے مل کر بنتی ہے ایک جسم اور دوسرے روح، مسجد کا جسم بلڈنگ، اینٹ، ڈیکوریشن وغیرہ ہے لیکن روح مسجد نماز جماعت، نماز پر شکوہ، نفع بخش اور کار امد تقاریب ، تلاوت قرآن اور مجالس حسینی کا اہتمام ہے۔ولایت ٹائمز کو ملی اطلاعات کے مطابق 17 نومبر 2021ء کو یوپی کے ضلع اعظم گڑھ میں الایمان فاؤنڈیشن نجفی ہاؤس ممبئی اور مومنین سمند پور کے تعاون سے تعمیر شدہ مسجد جامع ام البنین کے افتتاح کے موقع پر جشن امام حسن عسکری علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام نے اپنے بیانات سے عوام کے قلوب کو منور کیا۔ ہندوستان میں نمائندۂ مقام معظم رہبری حاج آقای مہدی مہدوی پور نے جشن کی صدارت کے فرائض انجام دئے۔حجۃ الاسلام مولانا سید صفدر حسین زیدی مدیر جامعۂ امام جعفر صادق علیہ السلام جونپور نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ صرف خوبصورت مسجد بنا لینا کمال نہیں ہے بلکہ مسجد کو بہترین نمازیوں سے مزین کرنا کمال ہے۔ موصوف کے مولانا صفی حیدر نے افتتاحی جشن میں تنظیم کی فعالیت کا ذکر کیا۔ہندوستان میں نمائندۂ مقام معظم رہبری آقای مہدی مہدوی پور نے فرمایا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ یہ امام عسکری علیہ السلام کا ہی کمال تھا کہ پر آشوب اور ظالم دور میں بھی حجت اللہ یہ کی حفاظت کر کے ہمارے حوالے کیا ہمیں اپنی زندگی کے تمام امور میں اپنے امام سے لو لگانا چاہئے۔ کثیر تعداد میں علمائے کرام اور عوام نے شرکت کی ۔