مسئلہ کشمیر و فلسطین عالمی امن کیلئے خطرہ

نتیجہ خیز مذاکرات میں تمام مسائل کا حل مضمر:میرواعظ عمر فاروق

سرینگر/3دسمبر2015/حریت کانفرنس (ع)نے ’ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو عالمی امن کیلئے بدستور خطرہ‘قراردیتے ہوئے واضح کیاہے کہ عالمی نوعیت کے مسائل کوحل کرانے میں اقوام متحدہ اورعالمی برادری کاکلیدی رول ہے۔ حریت کانفرنس(ع) کی ایگزیکیٹو کونسل کا اجلاس چیرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی صدارت میں میرواعظ منزل نگین پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں عالمی سطح پر متنازعہ مسائل کی موجودگی سے عالمی امن کو لاحق خطرات کو بھانپتے ہوئے ان مسائل کا مذاکراتی عمل کے ذریعے حل نکالنے کی حمایت میں حوصلہ افزاء پیش رفت اور سوچ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں بھارت اور پاکستان کو اقوام متحدہ ، امریکہ اور دیگر عالمی برادری کی جانب سے جملہ حل طلب مسائل بشمول مسئلہ کشمیر کا حل نکالنے کیلئے مذاکرات شروع کرنے کے اصرار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین جیسے حل طلب مسائل گزشتہ کئی دہائیوں سے عالمی امن کیلئے بدستور خطرات کا باعث بنے ہوئے ہیں، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر ڈھونڈنے کیلئے با معنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔