مشہد مقدس میں 16ویں بین الاقوامی قرآن و عترت نمائش کا آغاز

تہران/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/آستان مقدس حرم امام رضا علیہ السلام میں 16ویں بین الاقوامی قرآن وعترت نمائش کا آغاز کیا گیا جس کا اافتتاح حرم کے متولی کے ہاتھوں انجام پائی۔

ولایت ٹائمز کو ملی اطلاعات کے مطابق حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن باب الجواد(ع) میں 16ویں بین الاقوامی قرآن وعترت نمائش کا آغاز کیا گیا جو 31 مارچ تک جاری رہے گی۔ واضح رہے مذکورہ نمائش میں صوبہ خراسان رضوی کی150 قرآنی انجمنوں نے اپنی اپنی مصنوعات پیش کرنے کے لئے 150 اسٹال  لگانے کا اعلان کیا ہے۔

اس بین الاقوامی قرآن و عترت نمائش کا مقصد قرآنی تعلیمات کو عام اور دینی اصولوں پر استوار خاندان کی تشکیل ہے جس کے تناظر میں ہر شب حرم کے صحن میں قرآنی مسابقہ و مقابلہ کا اہتمام کیا جائے گا۔

قرآن و عترت نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقعہ پر حرم امام رضا(ع) کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے صحافیوں اور شرکت کنندگان سے بات کرتے ہوئے نمائش کی فادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔

نمائش کا انعقاد کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کہا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ کے جوار میں اس نمائش کے انعقاد سے روحانی و معنوی ماحول میں اضافہ ہوا ہے ۔ “میں تمام زائرین اور مجاورین کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اپنے اپنے اہلخانہ کے ساتھ اس نمائش میں ضرور شرکت کتیں”۔

حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے صوبہ خراسان رضوی اور مشہد مقدس میں قرآنی سرگرمیوں کے بہترین مواقع پائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قرآنی سرگرمیاں اپنی وسعت،اہمیت اور مقام و منزلت کی وجہ سے ایک مستقل نمائش میں تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس کے علاوہ حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کی موجودگی میں بین الاقوامی نمائش قرآن و عترت کے ساتھ ’’رواق خدمت‘‘ نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا ہے جس دوران حرم امام رضا(ع) کی تاریخ ،حرم  سے وابستہ مجموعہ آستان قدس رضوی کی تأسیس اور زائرین کو دی جانے والی سہولیات، ثقافتی ، سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق تصویری رپورٹس پیش کی گئیں۔