سرینگر/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/ 12 ستمبر/جموں وکشمیر کے معروف مدارس، عالم دین اور انجمن شرعی شیعیان دارالمصطفی کے شعبہ قضائیہ کے انچارج اور صدر دفتر کے عملے کے سرکردہ ممبرحجت الاسلام سید ذوالفقارعلی جعفری جمعۃ المبارک کو اس دارالفانی سے دارلبقاء کی طرف انتقال کر گئے۔ مرحوم کے انتقال کی خبر پھیلتی ہی پوری وادی میں غم کی لہر دوڈ گئی۔
اس دوران سید ذوالفقارعلی جعفر کی رحلت جان گداز پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان دارالمصطفی کے خانہ محبوس صدرحجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرحوم کی دینی اور تنظیمی خدمات کو عقیدت کا خراج نذر کیا۔
مرحوم عرصہ دراز سے انجمن شرعی شیعیان کے ساتھ وابستہ رہے۔ تنظیم کے حوزہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں کافی عرصہ تک تدریسی خدمات انجام دیتے رہے اور بعد میں تنظیم کے صدر دفتر میں اہم ذمہ داریوں پر تعینات رہے۔ مرحوم کچھ عرصہ کی علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ آغا حسن نے مرحوم کے سانحہ ارتحال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے سانحہ ارتحال کو تنظیم کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ مرحوم ہر پہلو سے ایک دلچسپ، پرخلوص اور قابل اعتماد انسان تھے۔ ان کی دین داری اور دین شناسی ہمارے لئے قابل رشک تھی۔ آغا حسن نے مرحوم جملہ لواحقین و پسماندگان سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔
ادھر تنظیم کے صدر دفتر پر عملے اور کئی سرکردہ اراکین کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مرحوم کے تنظیمی خدمات کو یاد کیا گیا اور مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں مرحوم کے لواحقین و پسماندگان سے تعزیت کی گئی اور مرحوم کے بلند درجات کی دعا کی گئی۔
دریں اثنا وادی کے دینی اور سماجی طبقے سے وابستہ شخصیات اور حوزہ علمیہ قم میں زیر تعلیم کشمیری طلاب نے گہرے افسوس اور صدمے کا اظہار کیا۔