قم/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/13ستمبر/ معروف نوجوان کشمیری مذہبی اسکالر وسیم رضا نے مرحوم مولوی غلام رسول شاہ کی اہلیہ جو میرواعظ کشمیر مولوی محمد ڈاکٹر عمر فاروق کی نانی بھی ہیں، کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میر واعظ کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
قم المقدس ایران سے جاری ایک تعزیتی پیغام میں جامعۃ المصطفیٰ(ص) العالمیہ میں زیر تعلیم جموں و کشمیر کے نوجوان مذہبی اسکالر اور سماجی و سیاسی کارکن وسیم رضا نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور پسماندگان کیلئے دعا کی کہ خداوند پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا فرما ئے۔
متحدہ مجلس علماء اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وسیم رضا کشمیری نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میر واعظ ڈاکٹرعمر فاروق صاحب اور ان کے اہل خانہ کے لئے یہ ایک انتہائی سخت اور نازک وقت ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہوں کہ مرحومہ کو جوار رحمت میں قرار دیتے ہوئے میرواعظ خاندان کے تمام عزیزو اقارب کو اس تاریک اوقات کا سامنا کرنے کی قدرت سے نوازے۔