سرینگر/10مئی 2020/جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے اولین معرکہ حق و باطل کے شہدائے بدر کو خراج عقیدت ادا کرنے کے ساتھ ساتھ جموںوکشمیر کے سرکردہ اور ممتاز عالم دین، تحریک حریت کشمیر کے بانی ، مہاجر ملت، مفسر قرآن میرواعظ مولانا یوسف شاہ صاحب ؒ کے 53 ویںیوم وصال پر مرحوم رہنما کی بے لوث دینی ، سیاسی ، سماجی ، تبلیغی ، تصنیفی اور تفسیری خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اہالیان کشمیر کے تئیں انکے احسانات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے ۔
مجلس عمل نے یہ بات واضح کی کہ امسال COVId-19 کے عالمگیر اور مہلک وبا، مسلسل لاک ڈاؤن، اور سربراہ تنظیم میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق صاحب کی لگاتار نظر بندی کے سبب حسب سابق جلسہ عام میں اجتماعی طور پر اپنے محسن کو خراج عقیدت ادا کرنا ممکن نہیں ہے ۔
ولایت ٹائمز کو موصولہ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حد متارکہ کے آر پار کشمیری عوام بلا امتیاز اپنے محسن و مربی مرحوم میرواعظ کشمیر اور تحریک حریت کشمیر کے تمام جانباز سپاہیوں کو انکی بےش بہا تاریخ ساز دینی و سیاسی خدمات کیلئے شاندار الفاظ میں اس عزم اور عہد کے ساتھ خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ ان کے بلند نصب العین اور مشن کی آبیاری کیلئے ہم سب عہد بند ہیں اور اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بیش از بیش بلندی کیلئے دعا کرتے ہیں۔
بیان میں یہ بات زور دیکر کہی گئی کہ مہاجر ملت نے غریب الوطنی کے دوران بھی جس طرح سے کشمیری عوام کے حقوق کی نمائندگی کی اور تادم وفات اپنے حق و صداقت کے موقف پر قائم رہ کر پورے برصغیر میں دائمی امن و سلامتی کے قیام کیلئے کوششیں کیں ۔ عوامی مجلس عمل اور اسکی قیادت اُسے ہر سطح پر آگے بڑھانے کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے گی۔
اطلاعات کے مطابق مظفر آباد آزاد کشمیر میں مفسر قرآن کے مزار پر وزیراعظم آزاد کشمیر جناب راجہ فاروق حیدر نے اپنے کابینی رفقا کے ساتھ حاضری دی جبکہ انفرادی طور پر لوگوں نے فاتحہ خوانی اور گلباری میں بھی حصہ لیا۔
بیان میں عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ اللہ تبارک و تعالیٰ سے اپنے اپنے گھروں میں پنج وقتہ نمازوں میں مفسر قرآن کے درجات کی بلندی کے ساتھ ساتھ موجودہ خطرناک وباسے مکمل طور پر نجات کیلئے دعاؤں کا اہتمام کریں۔