سرینگر/ولایت ٹائمز رپورٹ/ریاست جموں وکشمیر کے معروف عالم دین، بے مثال خطیب اوراتحاد کے علمبردار حجہ الاسلام والمسلمین سید مصطفی حسینی انتقال کرگئے۔ ولایت ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وادی کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے علاقہ چھترگام سے تعلق رکھنے والے معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی حسینی انتقال کر گئے ۔ان کی وفات پر وادی کی مذہبی ،سیاسی اور سماجی انجمنوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مرحوم نے اپنی دینی تعلیم کا آغاز جامعہ علمیہ امام رضا (ع) کشمیر سے کیا اورپھر 12سال ایران میں گذار کر جامعتہ المصطفیٰ حوزہ علمیہ قلم سے عربی ادب فصاحت و بلاغت ،فقہ اسلامی ،تفسیر ، علوم قرآن ،علم اخلاق ، فلسفہ اسلامی ،علم کلام اور تاریخ میں مہارت حاصل کی۔
مرحوم کے برادر اکبر ڈاکٹر سید حیدر کو شہید کیا گیا جس کی وجہ سے سید مصطفی حسینی وادی واپس لوٹے اور تبلیغ دین میں مصروہو گئے ۔ آپ جموں کشمیر اہلبیت ؑ فاونڈیشن سے بھی وابستہ تھے۔
آغا سید مصطفی حسینی ایک دلسوز ، غم خوار ، خدا دوست عالم اوراتحاد بین المسلمین کے حامی تھے ۔مرحوم کی وفات پر وادی کشمیر کے دینی، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے رہنماوں نے سخت غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو سراہا ۔