پشاور سانحہ کی پہلی برسی پر حریت رہنما سید سلیم گیلانی کا شہداء کو خراج عقیدت پیش
سینئر حریت قائد اور پیپلزپارٹی جموں کشمیر کے چیئرمین سید سلیم گیلانی نے پشاور پاکستان کے دہشتگردی واقع میں شہید بچوں کی پہلی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سرینگر میں تنظیم کی جانب سے منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے سید سلیم گیلانی نے پشاور کے دلدوز سانحہ کو یاد کرتے ہوے کہا کہ درندگی کی ایسی مثال تاریخ انسانی میں ملنا محال ہے اور ایسے گھناونے جرم کا ارتکاب کرنے والے آدم کے بیٹے اور رحمت لالعالمین کے امتی نہیں ہو سکتے۔پشاور سانحہ کی پہلی برسی پر سید سلیم گیلانی نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ان معصومین کی جدائی کا درد ہر لمحہ تازہ ہی ہوتا جا رہا ہوگا لیکن ان شہیدوں نے آخرت کے لئے جو سرمایہ کاری کی ہے اس کو انسانی لفظوں میں بیان نہیں کیاجا سکتا ۔وہ سر خرو ہو گئے اور اپنے والدین اورعزیز و عقارب کے لئے توشہ آخرت بھی ، جبکہ ان کے قاتل ذلیل ہیں۔انہوں نے اہلخانہ کو عرض تسلیت و تعزیت پیش کیں۔