پُرتشدد خیالات اُمت مسلمہ کیلئے سب سے بڑامسئلہ:الہام امین

تہران: قانونی معاملات میں ایران کی نائب صدر ’’الہام امین زادہ ‘‘نے مسلمانوں کے درمیان اختلافات اور تنازعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پرتشدد خیالات مسلم دنیا کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ہے اور دشمنوں کے ساتھ بعض مسلم ریاستوں کے اتحاد کے پیچھے ان کی جہالت کار فرما ہے ۔الہام امین زادہ نے کہا کہ دشمنوں کےساتھ بعض نام نہاد اسلامی ممالک کے اتحاد سے دشمنان اسلام مسلم دنیا کے مالی وسائل کو لوٹ رہے ہیں اوریہ مسلم ریاستیں دیگر مسلم ممالک کو اسی راہ پر چلانے کی خواہش رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تکفیری دہشتگردوں کے تشدد اورجرائم پر بعض ممالک کا رویہ افسوس ناک ہے اوریہ لوگ اپنے مذہب کی غلط تشریح کرکے دشمنوں کیلئے اپنے دوستوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نےعالمی منڈی میں تیل کی گرتی قیمتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اس کو ہتھیار بنا کر اسلامی ممالک کو نشانہ بنارہے ہیں ۔