کشمیر میں مادہ پرستی اور بے حیائی کا ماحول انتہائی پریشان کُن ہے: قاسم فکتو

سرینگر/جموں و کشمیر محاذ آزادی کے سربراہ محمد قاسم فکتو نے کہا کہ کشمیر میں مادہ پرستی اور بے حیائی کا ماحول انتہائی پریشان کُن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بداعمالیاں ہمیشہ گمراہ نظریات کی وجہ سے پھیلتی ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ معاشرے میں پھیلی بداعمالیوں کے لئے ذمہ دار نظریات کی تشخیص کرکے ان کی عقلی اور نقلی دلائل کی بنیاد پر موثر طریقے پر تردید کی جائے۔ جموں کے جیل سے جاری اپنے ایک بیان میں محبوبس آزادی پسند لیڈر قاسم فکتو نے کہا کہ جب تک جموں کشمیر کی ملت اسلامیہ بالخصوص نوجوان نسل میں اسلامی تعلیمات کی اشاعت کے ساتھ ساتھ چارلس ڈارون، کارل مارکس، سگمنڈ فرائڑ اور ہوی اوک جیسے لوگوں کے نظریات سے متعلق بیداری پیدا نہیں کی جاتی ہے، موجودہ مادہ پرستی اور بے جیائی جس نے انسانوں کی اکثریت کو معاشی اور جنسی حیوان بنا دیا ہے پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔
’’ولایت ٹائمز کو موصولہ بیان کے مطابق ‘‘محبوس رہنما نے کہا کہ جموں کشمیر میں چونکہ جنگ جیسی صورتحال ہے، اس لئے ملت اور ملت کے ذمہ داروں کی پوری توجہ تحریک آزادی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ تحریک آزادی ملت اسلامیہ کشمیر کی پہلی ترجیح ہے، مگر وہ دینی تنظیمیں، ادارے، علماء اور اہل دانش جو براہ راست تحریک آزادی میں کوئی فعال رول ادا نہیں کر رہے ہیں وہ کم سے کم اتنا تو کرسکتے ہیں کہ ایسے گمراہ کن نظریات جن کی وجہ سے معاشرے میں مادہ پرستی، بے حیائی اور سماجی برائیاں پھیل رہی ہیں، کی موثر طریقہ پر تردید کریں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دوبارہ روحانی اور اخلاقی اقدار جو 1818ء سے پہلے یہاں پائے جاتے تھے بحال ہونے اشد ضروری ہیں۔