کشمیر کے نامور عالم دین علامہ شیخ مہدی نجفی کی چوبیسویں برسی؛ عظیم الشان تعزیتی مجلس منعقد، موحوم کی دینی و فلاحی خدمات کو شاندار خراج پیش

سرینگر/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/وادی کشمیرکے معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ میر شیخ مہدی حسین ہمدانی النجفیؒ کی چوبیسویں برسی کی مناسبت سے وسطی ضلع بڈگام کے خندہ علاقے میں مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک تعزیتی مجلس کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے عقیدتمندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

ولایت ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مقررین نے ان کی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں بلکہ ان کی زندگی دینی فلاحی اور علمی خدمات سے پُر ہیں۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ چوبیس سال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود بھی لوگوں کے دلوں میں ان کی یادترو تازہ ہے کیونکہ انہوں نے دین اسلام کی جس طرح سے خدمت کی ہے وہ اپنے آپ میں ایک تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دین مبین اسلام کی تشیر کے لئے مرحوم نے وادی کے اطراف و اکناف کا سفر کیا اور اپنے موثر تبلیغی مشن کو جاری رکھا۔ دینی مدارس اور مروجہ تعلیم کو یکساں طور پر لوگوں کو اس کی طرف راغب کرنے میں ان کا کلیدی رول رہا ہے جس کو قوم کبھی فراموش نہیں کریگی۔ اس تعزیتی مجلس کا اہتمام پیروان ولایت جموں و کشمیر نے کیا تھا۔ مرحوم کے فرزند مولانا سبط محمد شبیر قمی نے لوگوں کے اس جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آج بھی لوگوں نے ان کی یاد میں جمع ہو کر خراج عقیدت ادا کیا میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں اور ساتھ ہی ساتھ دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔