یمنی قوم کسی ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گی:تحریک انصار اللہ

صناء/یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ ہماری قوم کسی بھی ملک کو یمن کے داخلی امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گی۔
محمد عبدالسلام نے ہفتے کے دن کہا کہ یمن کے عوام آل سعود کے تمام تر دباؤ اور جنگ پسندی کے باوجود اپنی خود مختاری تک رسائی کے لئے اپنا جہاد اور جانفشانی جاری رکھیں گے۔
انصاراللہ کے ترجمان نے عدن شہر میں اولڈ ایج کیئر ہوم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جنوبی یمن میں ہونے والے اس طرح کے مظالم و جرائم کا ذمے دار سعودی عرب اور اس کے پٹھوؤں کو قرار دیا۔قابل ذکر ہے کہ مسلح دہشت گردوں نے عدن شہر اولڈ ایج کیئر ہوم میں فائرنگ کرکے سولہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
دریں اثناء المیادین ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ صوبہ صنعا کے قبائل نے سعودی جارحین کے مقابلے میں اس شہر کے دفاع کی ضرورت پر زور دیا ہے۔