آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی کی پانچویں برسی؛ وادی بھر میں مجالس اور تقاریب کا اہتمام، مقررین کا مرحوم کی دینی و سماجی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش

8

سرینگر/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/برصغیر کے نامور روحانی پیشوا حجتہ الاسلام آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی کی پانچویں برسی کے مناسبت سے جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس دوران مرحوم کی دینی و سماجی خدمات کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ولایت ٹائمز کو موصولہ اطلاعات کے مطابق انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر اور عالمی اھلبیت اسمبلی کے ممبر حجتہ الاسلام والمسلمین الحاج آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی النجفی کی پانچویں برسی  جموں کشمیر میں نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تنظیم نے اپنے قائد کو یاد کرنے کی غرض سے  24 جنوری  سے 29 جنوری 2023 تک ہفتہ ترحیم کا انعقاد کیا جس دوران وادی سمیت بیرون کی مساجد، امام بارگاہوں اور انجمن شرعی شیعیان سے وابستہ مکاتب میں فاتحہ خوانی و قرآن خوانی اور مجالس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔

29 جنوری 2023 کو امام بارگاہ آیت اللہ یوسف بمنہ میں مرکزی اور اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مرحوم  کی دینی و سماجی خدمات کو یاد کیا اور انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر اور آیت اللہ یوسف میموریل ٹرسٹ کے چیرمین حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی نے اپنے صدارتی خطبہ میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ مرحوم قائد کے ترویج علم و دانش کے خواب کو پورا کرنے کیلئے یکجٹ ہوجائیں۔

اس دوران تنظیم نے سال گذشتہ مختلف مقابلوں میں کامیاب ہوئے طلباء کے درمیان اسناد اور انعامات تحائف تقسیم کئے۔