آل خلیفہ حکومت نے 200 بحرینی شہریوں کی شہریت سلب کر لی

منامہ/بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق نے سیاسی مخالفین کی شہریت سلب کرکے انہیں ملک بدر کرنے کے آل خلیفہ حکومت کے اقدام کی ایک بار پھر مذمت کی ہے۔’’ولایت ٹائمز‘‘کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی جمعیت الوفاق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے دو سو سے زائد بحرینی شہریوں کی شہریت سلب کر لی ہے۔ جمعیت الوفاق نے کہا کہ بحرین کی شاہی حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو مذہبی اور سیاسی بنیادوں پر ملک بدرکر رہی ہے جبکہ ابھی ان کے مقدمات کی سماعتیں بھی مکمل نہیں ہوئی ہیں۔
بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے بھی بحرین کے سیاسی مخالفین کی شہریت سلب اور انہیں ملک بدر کرنے کے آل خلیفہ کے اقدام کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ان شہریوں کی شہریت سلب کرکے انہیں ملک بدر کر دینا کہ جن کا جرم صرف اپنے نظریات کا اظہار کرنا ہے، آئین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔واضح رہے کہ بحرین کی شاہی حکومت نے ابھی حال ہی میں ملک کے پندرہ علما کی بھی شہریت سیاسی اور مذہبی بنیادوں پر سلب کر لی ہے۔