نئی دہلی/بھارت اور پاکستان کے وزرا خارجہ کی یکم مارچ کو ابو ظہبی میں ملاقات ہوسکتی ہے۔
’’ولایت ٹائمز‘‘ نے نقل کیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے وزرا خارجہ کی یکم مارچ کو ابو ظہبی میں ملاقات ہوسکتی ہے۔
آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز (او آئی سی) نے غیر متوقع اقدام کرتے ہوئے دہلی کو بھی اپنے وزرا خارجہ کے اجلاس کے لیے مدعو کیا ہے۔ بھارت کی وزارت خارجی امور کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کو او آئی سی کے 46 ویں سیشن کے لیے مدعو کیا جانا خوش آئند اور 18 کروڑ 50 لاکھ مسلمانوں کی آبادی والے ملک بھارت کی اسلامی دنیا میں شراکت کے اعتراف کا ثبوت ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق او آئی سی نے اپنی رکنیت مسلم اکثریت ممالک تک محدود کر رکھی ہے اجلاس میں روس، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کو نگرانی کی حیثیت حاصل ہے۔ مئی 2018 میں ہونے والے وزرا خارجہ کے 45ویں اجلاس میں میزبان ملک نے تجویز دی تھی کہ بھارت ایسا ملک ہے جہاں مسلمانوں کی مجموعی آبادی کی 10 فیصد لوگ رہتے ہیں اور اسے بھی نگراں کا حیثیت دیا جانا چاہیے تاہم پاکستان نے اس پیشکش کی مخالفت کی تھی۔