ارکان اسلام کی ادائیگی پر پابندی،اسرائیلی پالیسی کی عکاسی:پاکستانی اہلسنت عالم دین

اسلام آباد/پاکستان کے معروف اہلسنت عالم دین اور جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ نے کہا ہے کہ ارکان اسلام کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے والے یہودی ایجنٹ ہی ہو سکتے ہیں۔ لاہور میں تحفظ حرمین شریفین سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے معروف اہلسنت عالم دین اور جمعیت علماء پاکستان نیازی کے سربراہ ’’ پیر معصوم حسین نقوی ‘‘نے سعودی عرب کی طرف سے ایرانی عازمین حج کو ویزے جاری کرنے سے انکار اور کسی تیسرے ملک سے حج درخواستیں دینے کی تجویز کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود امت مسلمہ کی تقسیم کے اسرائیلی ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1987ء میں بھی سعودی پولیس نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنیوالے ایرانی حجاج کو شہید کیا تھا اور اب معروف عالم دین آیت اللہ باقرالنمر کی شہادت پر سفارتی تعلقات منقطع ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان روابط نہیں رہے مگر اس کا شکار حجاج کرام کو نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حج ارکان اسلام میں سے ہے اور اس کی ادائیگی میں رکاوٹ پیدا کرنیوالے یہودی ایجنٹ ہی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین امت مسلمہ کا اثاثہ اور عقیدت کا مرکز ہے اور مسلمان عالم سعودی شاہی خاندان کو اجازت نہیں دیں گے کہ و ہ کسی کے حج پر پابندی عائد کریں۔