امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کیلئے عالمی سازشیں تیز ہو چکی ہیں: شاہ اویس نورانی

اسلام آباد/جے یو پی پنجاب کے صدر نور احمد سیال اور صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید اختر کی قیادت میں لاہور میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو آپس میں لڑانا امریکہ کا ایجنڈا ہے، بھارت نے کشمیریوں اور اسرائیل نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، دنیا بھر مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہہ رہا ہے، دنیا تیسری عالمی جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا، سیاسی قائدین نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو پچھتائیں گے، سیاسی تصادم کا فائدہ غیر جمہوری قوتیں اُٹھا سکتی ہیں اس لئے سیاستدان جوش کی بجائے ہوش سے کام لیں۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کیلئے عالمی سازشیں تیز ہو چکی ہیں، علماء و مشائخ امت کو متحد کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، مسلم حکمران امریکہ کی ایجنٹی چھوڑ دیں، امریکہ عالم اسلام کو شیعہ سنی بلاک میں تقسیم کرنا چاہتا ہے، دینی جماعتوں کا سیاسی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔