سرینگر/جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ پرویز نے امرتسرپنجاب میں زرعی پیداوار سے منسلک تاجروں اور بیوپاریوں کیلئے ایک خاص جے کے بینک منڈی فائنانس سکیم چالو کی۔ اس موقع پر ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو اور آر کے چھبر، پریزیڈنٹ راکیش گنڈوترا، زونل ہیڈ انوک سنگھ، امرتسر کے مشہور تاجر، کاروباری حلقے کے ممبران، بینک کے متعدد گاہکوں کے علاوہ بینک سٹاف بھی موجود تھے۔’’ولایت ٹائمز‘‘ کے مطابق اس سے پہلے چیئر مین نے امرتسر میں جے کے بینک کی جدید سہولیات سے لیس نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پرمنعقد تقریب پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ پنجاب ملک کا زرعی دارلخلافہ ہے اور ملک میں سبز انقلاب کا روح رواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرتسر میں زرعی پیداوار سے منسلک تاجروں کیلئے جے کے بینک منڈی فائنانس سکیم نہ صرف ہم آہنگ ہے بلکہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ امرتسر اور ریاست جموں و کشمیر کے تاجروں کے مابین ایک پرانا رشتہ ہے اور جے کے بینک نے اُسی رشتے کا خیال رکھتے ہوئے یہاں اس شہر میں سب سے پہلی برانچ سال 1973 میں کھولی ہے۔ آج جب ہم زرعی پیداوار سے وابستہ تاجروں کیلئے ایک نئی سکیم کو لانچ کر رہے ہیں تو ہم نے اسی شہر کا انتخاب کیا تاکہ میوہ جات، سبزیوں ، دالوں اور دیگر زرعی پیداوار سے منسلک رجسٹرڈ بیوپاریوں کیلئے ورکنگ کیپٹل فائنانس ہمہ وقت مہیا رہے جس پر بینکنگ صنعت کا سب سے کم شرح سود لاگو ہوگا۔
ایکز یکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو نے اپنی تقریر میں جے کے بینک کی مختلف عوام دوست سکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے گاہکوں کی دلچسپیوں کو مدِ نظر رکھکر اپنے سکیموں کو ترتیب دیتے ہیں۔ ایکز یکٹیو پریزیڈنٹ آر کے چھبر نے اپنی تقریر میں کہا کہ مجھے پنجاب میں دورانِ نوکری یہ تجربہ حاصل ہے کہ یہاں کے لوگ ایماندار اور دیانت دار ہیں۔
ٓآغاز میں زونل ہیڈ پنجاب انوک سنگھ نے اپنے استقبالیہ میں ریاستِ پنجاب میں جے کے بینک کے کام کاج کو اُجاگر کیا۔
اس سے پہلے شاستری مارکیٹ امرتسر برانچ کی نئی اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ جانب پرویز احمد نے اپنے ملازمین کو تلقین کی کہ وہ اپنی کسٹمر سروس میں اور زیادہ شفافیت لائیں اور بینک کے ہر ڈیجٹل پروڈکٹ کو عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے لوگ جوڑوں اور آنکھوں کی بیماریوں کے خاص علاج کیلئے پنجاب آتے ہیں اسلئے ہمیں اُنکے در پیش مالی مشکلات کا بھی خیال رکھناہے۔ انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ ہمارے پاس پنجاب میں مزید اے ٹی ایم اور برانچ کھولنے کا منصوبہ بھی ہے ۔ چیئرمین نے اس مانگ کو بھی منظوری دیدی کہ احمد آباد اور بنگلور منڈیوں میں بھی جے کے بینک اپنی شاخیں کھولے گا۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین نے گرین منڈی امرتسر، کلاتھ مارکیٹ ایسو سی ایشن اور کھالسا دیوان کے منتظمین سے ملاقات کی اور اُنکے در پیش مالی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین نے پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش ریاستوں کے ریاست جموں و کشمیر کے ساتھ سماجی و اقتصادی رشتے کو بھی اُجاگر کیا۔