قاہرہ/مصر کی جامعہ الازہر کے سربراہ نے اقوام عالم سے دہشتگردی کے خاتمے اورمختلف ممالک میں جاری خون ریزی کو روکنے کیلئے متحدہونے کا مطالبہ کیا۔ویٹیکن ریڈیو کے کیساتھ انٹرویو میں مصر کی جامعہ الازہر کے سربراہ ’’شیخ احمد الطیب‘‘نے اقوام عالم سے دہشتگردی کے خاتمے اورمختلف ممالک میں جاری خون ریزی کو روکنے کیلئے متحدہونے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ دنیاوالوں اورامن و حریت پسند لوگوں سے میری یہی اپیل ہے کہ وہ خون کے دریاؤں کو روکنے کیلئے آگے آئیں۔
انہوں نے کہاکہ جامعہ الازہر انتہا پسندانہ نطریات کا مقابلہ کرنے اور نوجوان نسل کو انتہاپسندی کی طرف مائل ہونے کی طرف روکنے کیلئے سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اوریہ مسلم علماء کرام، عیسائیوں اورتمام حریت پسند لوگوں کا فریضہ ہے کہ وہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں یا عیسائیوں کا قتل عام کرنے والوں نے جان بوجھ کر یاجہالت میں اسلام کے پیغام کا غلط مفہوم نکالا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہر مذہب میں ایسے منحرف گروہ موجود ہیں جو مذہب کا پرچم اٹھا کر لوگوں کو اسکے نام پر قتل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ مصر کی جامعہ الازہر کے سربراہ شیخ احمد طیب نے مسیحی روحانی پیشواپوپ فرانسیس سے حال ہی میں ویٹیکن سٹی میں ملاقات کی جس میں فروغ امن اورباہمی تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا۔پوپ فرانسیس نے اپنے مختصر بریفنگ میں کہاتھاکہ ہماری ملاقات دنیا والوں کیلئے ایک پیغام ہے جبکہ جامعہ الازہر کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہاگیا کہ شیخ احمد طیب نے امن کے فروغ اورباہمی تعاون کی کوششوں کو وسعت دینے کیلئے پوپ فرانسیس کی دعوت قبول کی۔(نیوز نور)