ایرانی پارلیمنٹ کا کشمیری مسلمانوں کے حقوق کی پامالی پر ہندوستان کو انتباہ

تھران/ مجلس شورائے اسلامی کے ” ولایت” سے موسوم پارلیمانی دھڑے کے رکن محمد حسین قربانی نے اپنے ایک بیان میں حکومت ہندوستان کو متبنہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کو پائمال کرنے سے دستبردار ہوجائے۔ محمد حسین قربانی نے ہمارے نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہم کشمیر کے مظلوم عوام کے خلاف روز افزوں غیر انسانی اقدامات کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام اپنے تشخص کی بحالی اور اپنے وطن میں اسلامی قوانین کا نفاذ چاہتے ہیں۔ محمد حسین قربانی نے کہا کہ عالم اسلام کو کشمیر میں پیش آنے والے واقعات پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت آمروں کے انجام سے عبرت حاصل کرے اور اس بات کی اجازت دے کہ کشمیر کے مظلوم عوام اپنے ابتدائی ترین حقوق کو حاصل کرسکیں۔ محمد حسین قربانی نے کہا کہ مجلس شورای اسلامی ایران کشمیر میں پیش آنے والے واقعات اور اس خطے کے مظلوم عوام کےساتھ کی جانے والی زیادتیوں کی مذمت کرتی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے زیرکنٹرول کشمیر کے حالات پچھلے دوہفتوں سے بحرانی ہیں اور اس دوران فوج اور پولیس کے ہاتھوں پچاس سے زیادہ افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ مقامی حکومت نے حالات پر قابو پانے کے لئے پوری وادی میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔