تہران/جہان تشیع کے عالی مرجع تقلیدآیت اللہ العظمیٰ سیستانی نے فرمایا کہ ایران میں اسلامی نظام اور عوام کا دینی رجحان اس ملک میں استحکام کا سبب بنا ہے اور یہی چیز اسلامی حکومت کے دوام کی ضامن ہے۔’’ولایت ٹائمز‘‘ نے اہل بیتؑ نیوز ایجنسی کے حوالے نقل کیا ہے کہ تہران کے میئر’ محمد باقر قالیباف‘جو ایام اربعین میں زائرین کربلا کو رفاہی خدمات فراہم کرنے کی غرض سے عراق دورے پرتھے نے گزشتہ روز آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی سے ملاقات کی۔جہان تشیع کے مرجع تقلید نے ایران کی جانب سے زوار کو پہنچائی جانے والی خدمات کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا میں ان ایرانیوں کے لیے جو کام اور خدمت کرنے میں مصروف ہیں روزانہ دعا کرتا ہوں۔آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ ایران کا امن و استحکام دیگر ممالک میں بھی استحکام کا سبب بنا ہے۔آپ نے عراق کی بدامنی کو عالم اسلام کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عالمی استکبار وسطیٰ ایشیا خاص طور پر عراق میں تشدد کا باعث ہے عراق کا بحران عالمی اور بین الاقوامی مسئلہ ہے۔