سرینگر/پیروان ولایت جموں و کشمیر نے اتوار کے روزبحرین میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے تین انقلابی نوجوانوں کو سزائے موت دئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
ولایت ٹائمز کو موصولہ بیان کے مطابق پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا ہے کہ بحرین میں پچھلے کئی عرصہ سے سعودی حمایت یافتہ آل خلیفہ حکومت نے بحرینی عوام پر مظالم کے پہاڑ ڈھا دئے ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک کے قید خانوں کو بے گناہ اور مظلوم بحرینیوں سے بھر دئے ہیں۔
انہوں نے بحرینی آل خلیفہ حکومت کی دشمنی کی زبردست مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد بحرینی حکمران انقلاب اسلامی سے خوف محسوس کررہے ہیں اسی لئے اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ کر علمائے اسلام پر آئے روز قدغنیں اور پابندیاں عاید کرتے ہیں اور مختلف بہانے بنا کر مظلوم بحرینیوں کو قتل و غارتگری کا نشانہ بنارہے ہیں۔
مولانا قمی نے بحرین کے تین انقلابی جوانوں جن کو جھوٹے الزامات لگا کر سولی پر چڑھا گیا ہے، کے صبر و استقلال اور ہمت پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا محبت اہلبیت (ع) و جذبہ شھادت سے سرشار انقلابی عوام کسی بھی باطل پروپیگنڈوں و ہتھکنڈوں سے زیر ہونے والے نہیں۔
مولانا قمی نے اقوام عالم اور تمام انسانی حقوق تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور بحرین میںں ہورہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روک لگانے کیلئے اپنا رول ادا کرین۔