سرینگر/بت شکن و بانی انقلاب اسلامی ایران اما م خمینیؒ کی 27ویں برسی کے مناسبت سے دنیا بھر کے ساتھ ساتھ وادی ریاست جموں کشمیر کے تینوں خطوں میں تقاریب کا اہتمام کیا ۔ کشمیر یونیورسٹی کے کنووکیشن ہال میں ایک پُر وقار سمینار’ امام خمینی ؒ ملت کی متاع گم گشتہ کا سراغ‘ کے عنوان سے منعقدہ ہوا جس میں جسٹس (ر) بشیرا حمدکرمانی، مولانا خورشیدا حمد قانون گو،آغا سید سید یوسف موسوی، ڈاکٹر سید فضل اللہ رضوی، سید محمد حسین، غلام حسن بابا وغیرہ شامل ہیں۔ ہندوستان کیلئے رہبر معظم کے نمائندہ حجتہ الاسلام والمسلمین آقائی مہدی مہدوی پور نے سمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
نمائندہ ولی فقیہ آقائی مہدی مہدوی پور نے اپنے خطاب میں امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مغربی قوتیں اپنی 37سالہ گھناؤنی منصوبہ بندیوں کے باوجود انقلاب اسلامی کا کچھ نہیں بگاڑ سکی کیونکہ امام خمینی نے ایرانی قوم کو اپنی متاع گم گشتہ کا سراغ بتاکر انہیں دشمن قوتوں کی سازشوں کے توڑ کیلئے شعوری طور پر تیار کیا ہوا ہے۔ آقائی مہدوی پور نے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ دانشگاہ کشمیر میں بھی امام خمینی ریسرچ سنٹر کا قیام عمل میں لاکر امام خمینیؒ کے افکار و نظریات پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری کی فراہمی کا بندوبست کریں۔
جسٹس (ر)بشیرا حمد کرمانی نے امام خمینی کو عقیدت کا خراج نذر کرتے ہوئے کہا کہ ایک قائد کیلئے ضروری ہے کہ وہ بذات خود باطنی آزادی سے سرشار ہو تب جاکر وہ اپنی قوم کو آزادی دلا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب عسکری طاقت اور افکار کے درمیان ٹکراؤ تھا ،بالآخر افکار نے ہی طاقت پر فتح حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کا اتحاد و اخوت مسلمانوں کی شان رفتہ کی بحالی کا ناگزیر تقاضا ہے ،تمام ائمہ مسالک نے اتحاد ملی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور اسکے لئے عملی کوششیں بھی کیں لیکن آج مسلمان ائمہ مسالک کے نام پر ہی ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں ہیں۔
مولانا خورشید احمد قانون گو نے موضوع کے مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان باللہ مسلمانوں کی وہ متاع گم گشتہ ہے جس کی بازیابی کے بغیر امت مسلمہ اپنی شان و عظمت کو کبھی بھی بحال نہیں کرسکتی ہے۔
سمینار کی صدارت انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی۔معروف قاری جناب طٰہٰ شاعری نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی، جبکہ غلام حسن غمگین نے بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا نظامت کے فرائض ایڈوکیٹ نیازی نے انجام دئے۔
ادھر العباس ؑ ریلیف ٹرسٹ کشمیر کی جانب سے مدینہ پبلک اسکول آرم پورہ پٹن میں عظیم الشان تعلیمی کانفرنس منعقد ہو ئی جس میں ٹرسٹ کے بانی اور اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ حجۃ الاسلام مولانا عباس انصاری،صدر مولانا مسرور عباس انصاری،آغا سید ہادی الموسوی الصفوی، آغا سید اعجاز رضوی اور نئی دہلی میں مقیم رہبر معظم انقلابی اسلامی کے نمائندے حاج آقائی ڈاکٹر مہدی مہدوی پور نے مہمان خصوصی کے بطور شرکت کی۔نمائندہ رہبر کے ہمراہ دفتر رہبر کے آقائی سید تقی نقوی اور آقائی رضا حیدر نے بھی موجود تھے۔کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔
دریں اثنا کرگل امام خمینیؒ ٹرسٹ کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں امام راحل کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔