حزب اللہ لبنان کے سید ہاشم صفی الدین جام شہادت نوش کر گئے

بیروت/ولایت تائمز نیوز سرویس/حزب اللہ نے اپنے بیان میں باضابطہ طور پر اپنی ایگزیکٹو کونسل  کے سربراہ علامہ سید ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں کہا ہے:

ہم اپنی شہید پرور اور مجاہد قوم، فتح و مقاومت کی امت کو عظیم الشان کمانڈر اور عظیم القدر شہید علامہ سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہیں۔

سید ہاشم صفی الدین اپنے بہترین مجاہد بھائیوں کے ساتھ صہیونیوں کے مجرمانہ فضائی حملے میں لقاء اللہ پر فائز ہوئے اور ہمارے عزیز اور شہید بھائی، حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ سے جا ملے۔ وہ سید المقاومہ کے لئے وہی حیثیت رکھتے تھے جو حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) سیدالشہداء (علیہ السلام) کے لئے رکھتے تھے۔ شہید صفی الدین ہمارے شہید کمانڈر سید حسن نصراللہ کا طاقتور بازو، علمدار اور دشوار گھڑیوں میں قابل اعتماد ساتھی تھے۔

شہید سید ہاشم صفی الدین نے اپنی پوری زندگی حزب اللہ، مقاومت اسلامی اور لبنانی معاشرے میں خدمت کرتے ہوئے گذار دی اور اپنی شرافتمندانہ زندگی میں احساس ذمہ داری اور زبردست انتظامی صلاحیتوں کے ساتھ ایگزیکٹو کونسل اور مختلف اداروں کا انتظام و انصرام کیا۔

ہم علامہ سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر صاحب العصر و الزمان (علیہ السلام) رہبر انقلاب اسلامی اور ولی امر مسلمین امام سید علی خامنہ ای (حفظہ اللہ)، حوزات علمیہ، علمیہ، عالم اسلام، مقاومت اسلامی میں ان کے مجاہد بھائیوں اور ان کے شریف اور قابل احترام خاندان کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالی سے التجا کرتے ہیں کہ ان کو صبر جمیل اور دنیا و آخرت کا ثواب عطا فرمائے۔

ہم اس عظیم الشان شہید سے عہد کرتے ہیں کہ مکمل فتح اور آزادی کے اہداف و مقاصد کے حصول تک مقاومت و جہاد کے مشن پر کاربند اور اس راستے پر گامزن رہیں گے۔