حوزہ علمیہ قم کے سوسالہ خدمات، خانہ فرہنگی نئی دہلی میں کانفرانس منعقد، ایران اور ہندوستان کے جید علمائے کرام، دانشوران اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی

نئی دہلی/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/ حوزہ علمیہ قم کے قیام کے سوسال مکمل ہونے پر ایران کلچرل ہاوس دہلی میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں سرزمین ایران اور ہندوستان کے مایہ ناز علمائے کرام نے حوزہ علمیہ قم کے ماضی اور حال کے شاندار تاریخی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

ولایت ٹائمز نے نقل کیا ہے کہ حوزہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ قم کے قیام کے سوسال مکمل ہونے پر ایران کلچرل ہاوس دہلی میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں سرزمین ایران اور ہندوستان کے مایہ ناز علمائے کرام نے حوزہ علمیہ قم کے ماضی اور حال کے شاندار تاریخی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔اس کانفرنس میں حوزہ علمیہ قم سے آئے ہوئے مہمانان، طلاب اور دانشوروں کے علاوہ ہندوستان کے جید علماء کرام نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اس کے بعد حوزہ علمیہ قم کے بانی حضرت آیت اللہ شیخ عبدالکریم حائری کی شخصیت اور حوزہ علمیہ قم کے قیام، خدمات اور اہمیت پر مبنی ایک ویڈیو کلیپ دکھائی گئی ۔

اس کے بعد حوزہ علمیہ ایران کے سرپرست آیت اللہ اعرافی کا ہندوستان کے علماء اور طلاب کے نام تفصیلی پیغام حجت الاسلام والمسلمین آقای عالمی زادہ نے پیش کیا ۔

استقبالہ خطبہ میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ہندوستان میں موجود نمائندے خاص آیت اللہ حاج مھدی مھدوی پور نے حوزہ علمیہ قم کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ہندوستان کے حوزات علمیہ اور مدارس دینی کے حوالہ سے ایک سیر حاصل گفتگو کی ۔

انکے بعد حوزہ علمیہ قم کے ادارہ تہذیب کے ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین آقای عالمی زادہ نے حوزہ کی خدمات اور کارکردگی پر رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے حوزہ علمیہ قم کے مختلف شعبہ جات سے علماء کرام کو آگاہ کیا۔

اس دوران جامعہ المصطفی العالمیہ کے ہندوستان میں موجود نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین آقای شاکری نے ہندوستان کے قدیم حوزات علمیہ کی تعریف و تمجید کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام ان حوزات کو دوبارہ احیا کرنے کی کوشش کریں۔

اس کے علاوہ حجت الاسلام والمسلمن عسکری اور حجت الاسلام والمسلمین محسن تقوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نور سافٹ ویئر کے نمایندہ نے نور کے استعمال اور اس کے فوائد کی جانب علماء اور طلاب کو اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستان کے علماء اور طلاب کے لئے یہ سافٹ ویئر بطور ہدیہ دینا چاہیں گے تاکہ اس اسلامی معارف خزانہ سے ہر کوئی فیضیاب ہوسکے۔

آخر میں ایران کلچرل ہاوس کے ڈائریکٹر جناب ڈاکٹر علی ربانی نے بھی ایران سے تشریف لائے مہمانان اور ہندوستان کے مختلف ریاستوں سے تشریف لائے علمائے کرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے علماء کے تبلیغی اور فرہنگی کردار پر روشنی ڈالی۔اس کانفرنس کی نظامت جناب ڈاکٹر مہدی باقر خان کررہے تھے ۔

واضح رہے کہ یہ کانفرنس دفتر نمایندگی ولی فقیہ ہندوستان ، دفتر نمایندگی جامعہ المصطفی العالمیہ ہندوستان ، ایران کلچرل ہاوس دہلی نو اور معاونت بین المللی حوزہ علمیہ قم کی شراکت میں منعقد ہوا ہے

کانفرنس کے آخر میں دفتر نمایندگی ولی فقیہ کی جانب سے امام مہدی (عج) کے بارے میں لکھی گئی چند کتابوں کی رسم اجرا بھی عمل میں لائی گئی۔