تہران/ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے سعودی عرب کے سرکردہ شیعہ عالم دین آیت اللہ نمر باقر نمر کی سزائے موت پر عملدرآمد کو وحشیانہ اور ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔’’ولایت ٹائمز‘‘کی رپورٹ کے مطا بق جنوبی ایران کے صوبے بوشہر میں صوبائی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ سعودی حکومت آیت اللہ باقر نمر کو شہید کرکے ایسی دلدل میں دھنس گئی ہے جس سے نکلنا اس کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ نمر باقر نمر کی سزائے موت کے فیصلے پر عملدرآمد سے خطے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ خطے کی سیکورٹی پہلے ہی درہم برھم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بڑی طاقتوں کی غلط پالیسیوں اور خطے کے ملکوں کی نالائقی کی وجہ سے بعض گروہوں نے علاقے کی سیکورٹی کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔