نیوز نور : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ بدنام زمانہ تکفیری دہشتگرد گروہ داعش برصغیر میں بھی اپنا دائرہ وسیع کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
عالمی اردو خبر رساں ادارے ’’نیوز نور‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ’’بانکی مون‘‘ نے پاکستان اور بھارت کودہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ طور پر لڑنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بدنام زمانہ تکفیری دہشتگرد گروہ داعش برصغیر میں بھی اپنا دائرہ وسیع کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے پاک بھارت دونوں کوخطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
انہوں نے داعش کی سرگرمیوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق اور شام میں اس گروہ کی سرگرمیاں انتہائی خطرناک ہوچکی ہیں جس سے خطے میں امن و امان غارت ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ داعش برصغیر میں بھی خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے اور پاکستان اور بھارت کی سرحدیں اس کا نشانہ ہوسکتی ہیں جبکہ دیگر تنظیموں کا لبادہ اوڑھ کر بھی داعش دونوں ممالک کے لیے خطرات پیدا کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کے ذریعے ہرممکن دوطرفہ اختلافات ختم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیرکے حوالے سے بھی پہل کرنا ہوگی تاکہ خطے میں دہشتگردوں کو رسائی حاصل نہ ہو اور انھیں برصغیر میں اپنی تخریبی کارروائیاں پھیلانے کے لیے زمین نہ مل سکے۔
بانکی مون نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی مخالف جنگ میں صف اول پر کھڑا رہا ہے اور اس نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کافی ساری قربانیاں دی ہیں جنھیں اقوام متحدہ نظر انداز نہیں کرسکتی تاہم اس کے لیے ایسے حالات ہیں کہ اسے اپنے وجود کو برقرار رکھنے کے لیے بھی دہشتگردی کے خلاف کھل کر آگے آنا ہوگا۔