سرینگر/سینک کالونیوں کے قیام سے صاف انکار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایوان اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں واضح کیا کہ مائیگر نٹ کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری منصوبے کے تحت اِن کیلئے کوئی علیحدہ کالونیاں نہیں بلکہ حالات ساز گار ہونے تک ’ٹرا نزٹ رہائشی سہولیات‘ فراہم کی جائیں گی۔ ایک گھنٹہ 17منٹ کی تقریر کے دوران پاؤر پروجیکٹوں کی واپسی کو سرکار کی ترجیح اور ایجنڈا آف الائنس کا حصہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس معاملے میں وقت لگ سکتا ہے لیکن ریاستی سرکار کو ضرور کامیابی حاصل ہوگی ۔
دفعہ 370 کے خاتمے کو نا ممکن قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بھاجپا کے ساتھ پی ڈی پی نے ایجنڈا آف الائنس کے تحت سرکار بنائی جس پر بھاجپا نے دستخط کئے ہیں۔ بھارت اور پاکستان درمیان کشیدگی ،تناؤ ،تلخیوں ،دُوریوں اور جنگ وجدل کو جموں وکشمیر کے عوام کے لئے عذاب سے تعبیر کرتے ہوئے خاتون وزیر اعلیٰ نے پارٹی کے سیلف رول کو مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کیلئے نقشہ راہ قرار دیا ۔