شہیدممتاز نے ناموس رسالت ﷺ پر قربان ہو کر ملک کے مستقبل کا تعین کر دیا:سراج الحق

کراچی /امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ غازی ممتاز حسین قادری شہید کی شہادت اور جنازہ کے نسبت سے قوم ہر سال یکم مارچ کو ’’یوم تحفظ ناموس رسالت ‘‘کے طور پر منائے گی اور ملک میں تحفظ ناموس رسالت (ص) کیلئے آئینی و قانونی جدوجہد کی جائے گی۔
’’ولایت ٹائمز‘‘نے ’’اسلام ٹائمز‘‘کے حوالے خبر دی ہے کہ غازی ممتاز حسین قادری کی یاد میں شہید کے گھر میں دعائے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ شہید نے ناموس رسالت (ص) پر قربان ہو کر ملک کے مستقبل کا تعین کردیا ہے۔
شہید کی نماز جنازہ میں اندرون اور بیرون ملک سے لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کر کے نبی مہربان حضرت محمد (ص)کے ساتھ اپنے گہرے عشق و محبت کا ثبوت پیش کیا۔ حکمران اپنے مغربی آقائوں کو خوش کرنے کیلئے لبرل ازم اور سیکولر ازم کی باتیں کر رہے ہیں مگر ملک کے 20 کروڑ عوام ملک کی اسلامی شناخت کو قائم رکھنے کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہو چکے ہیں۔
غازی ممتاز حسین قادری شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ حضور (ص)کی محبت سے بڑھ کر حقیقی مومن کیلئے کوئی اثاثہ نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غازی ممتاز حسین قادری شہید کی رہائش گاہ پر منعقدہ دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ حکمرانوں نے 29 فروری کے دن پھانسی دیکر کوشش کی تھی کہ عوام چار سال بعد اس دن کو بھول جائیں گے مگر قوم حکمرانوں کی اس سازش کو بھی ناکام بنا دے گی اور ہر سال یکم مارچ کو ’’یوم تحفظ ناموس رسالت (ص)‘‘منایا جائے گا۔