نئی دہلی/ولایت ٹائم نیوز سرویس/ ۲ فروری/اسلامی جمہوریہ ایران کے نامور عالم دین اور ہندوستان میں سپریم لیڈر امام خامنہ ای کے نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین حاج آقائی مہدی مہدوی پور نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں عالم تشیع کے بااثر مرجع تقلید کی وفات پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات اور زحمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدہ پیش کیا۔
نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین حاج آقائی مہدی مہدوی پور کے تعزیتی پیغام کا متن ولایت ٹائمز کے قارئین کی خدمت میں پیش ہے:
انا للہ وانا الیہ راجعون
عالم تشیع کے عظیم الشان مرجع وقت اور جلیل القدرشخصیت کے حامل حضرت آیت اللہ العظمی صافی گلپائیگانی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کی غم انگیز خبر بہت ہی افسوسناک اور حزن و الم کا باعث ہوئی۔
حق تعالی نے آپ کو سو سال کی بابرکت عمر گرانقدر عنایت فرمائی تھی جس میں آپ نے اسلام اور مکتب تشیع کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار کتابیں تالیف کیں، ہزاروں شاگردوں کی تربیت کی اور ہمیشہ ایران کے اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کے پشت پناہ اور حامی رہے، اسی طرح طولانی مدت تک شورائی نگہبانی کے آئین کے فقیہ بھی رہے یقیناً آپ کی دقت نظر بےشمار قوانین کی تدوین میں بہت ہی مفید اور موثر رہی ہے۔ آپ فقہ اور اصول کے علاوہ تفسیر قرآن، حدیث، تاریخ اور علم کلام میں صاحب نظرر بھی تھےاور ایران میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بے شمار سماجی اور فلاحی خدمات انجام دیں، اسی طرح ۱۹۷۵ ء میں ایک وفد کے ہمراہ ہندوستان کا سفر کیا، حیدرآباد، لکھنو اور ممبئی جیسے بڑے شہروں کا دورہ کیا ، مکتب اہلبیت علیہم السلام کے زبردست مبلغ اور حامی تھےاور ایران بلکہ عالمی سیاست میں بڑی گہری نظر رکھتے تھے جو اس عمر می حیرت انگیز بات تھی۔
لہذا میں اپنا فریضہ سمجھتا ہوں کہ اس جانکاہ مصیبت اور ضیاع عظیم پر سب سے پہلے حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف ، رہبر معظم مدظلہ العالی ، مراجع کرام تمام مدارس اور حوزات علمیہ ، مومنین کرام مخصوصاً آپ کے اہلخانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کروں اور ہندوستان کے علمائے اعلام اور مومنین کرام سے امید کرتا ہوں کہ وہ پورے ہندوستان میں آپ کی شخصیت کے شایان شان پروگرام برپا کریں اور ان کی زبردست تجلیل عمل میں لائیں۔