ممبئی/ولایت ٹائمز نیو ز سرویس/ محرم الحرام غور و فکر کا مہینہ ہے، یہ مقدس مہینہ مادی فکر سے آزادی کا مہینہ ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اسے اپنی عبادت کی قبولیت کا ذریعہ قرارا دیں، اور روز آخرت اپنی بخشش کا وسیلہ بنائیں۔
بہشت زینب سلام اللہ علیہا جوہو کپاسواڑی ممبئی میں ایک مجلس ایصال ثواب سے خطاب کرتے ہوئے حوزہ نیوز ایجنسی شعبہ اردوکے چیف ایڈیٹرحجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید محمود حسن رضوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں کوئی چیز بے کار، بے فائدہ خلق نہیں فرمائی، قرآن پاک کی سورۃالبقرہ کی آیت 29 میںارشاد ہے کہ ھو الذی خلق لکم کا فی الارض جمیعاً، ترجمہ: خدا وہ ہے جس نے پیدا کیا تمہارے لئے جو کچھ زمین میں ہے، سب کا سب۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی ہر چیز نفع بخش ہے، یعنی دنیا کی کوئی چیز ایسی نہیں، جس سے انسان کو کسی نہ کسی حیثیت سے بلاواسطہ فائدہ نہ پہنچا ہو، خواہ یہ فائدہ دنیا میں استعمال کرنے کا ہو یا آخرت کیلئے عبرت و نصیحت ہو، بہت سی ایسی چیزیں کہ انسان کو ان سے فائدہ پہنچا ہے، لیکن اس کو خبر بھی نہیں ہوتی، یہاں تک کہ جو چیزیں انسان کیلئے مضر سمجھی جاتی ہیں، جیسے زہریلی اشیاء زہریلے جانور وٖغیرہ۔ غور کریں تو وہ بھی کسی نہ کسی حیثیت سے انسان کیلئے نفع بخش بھی ہیں، حتیٰ کہ موت بھی اپنے وقت پر نفع بخش ہے۔
موصوف نے استقبال ماہ محرم کے عنوان سے کہا کہ عزاداری غور و فکر کے ساتھ کریں تو زندگی بدل سکتی ہے، محرم الحرام غور و فکر کا مہینہ ہے، یہ مقدس مہینہ مادی فکر سے بھی آزادی کا مہینہ ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اسے اپنی عبادت کی قبولیت کا ذریعہ قرارا دیں، اور روز آخرت اپنی بخشش کا وسیلہ بنائیں۔