قم میں امام خمینیؒ کی نایاب تصویر، ایرانی فنکار کا شاہکار؛ ٹیلی ویژن پر نشر نے عوام کی توجہ حاصل کر لی

قم/ولایت ٹائمز نیوز سرویس/اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینیؒ کی ۳۶ویں برسی کے موقع پر معروف مصور اور شاعرہ خانم مریم فردی نے قم المقدسہ میں واقع بیت امام خمینیؒ میں ایک نایاب اور پرکشش پورٹریٹ بنائی جس نے شائقینِ فن اور زائرین کی توجہ اور عوامی و علمی حلقوں میں زبردست پذیرائی حاصل کر لی۔

ولایت ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مریم فردی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس فن پارے کی تخلیق کے دوران اپنے جذباتی و روحانی تجربے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “جب میں نے یہ پورٹریٹ بنانا شروع کیا تو میرے دل و دماغ پر ایک عجیب و پرکیف کیفیت طاری ہو گئی۔ یوں محسوس ہوتا تھا گویا امام خمینیؒ کی روحانی موجودگی میرے اردگرد سایہ فگن ہے اور وہ خود میرے اس تخلیقی عمل کے ناظر ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “پورے عمل کے دوران مجھے کسی قسم کی تھکن یا جسمانی بوجھ محسوس نہ ہوا۔ اس کے برعکس ایک منفرد جوش، ولولہ اور روحانی توانائی میرے وجود پر غالب رہی جیسے کوئی غیبی قوت میرے ہاتھوں کو رہنمائی دے رہی ہو۔”

یہ نقاشی جسے اپنے فنی حسن اور جذباتی اثرآفرینی کی وجہ سے قابلِ ستائش قرار دیا جا رہا ہے، امام خمینیؒ کی ذات گرامی سے عقیدت و محبت کا بھرپور اظہار ہے اور اسے قم میں قائم بیت امام میں عوامی نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔

اس نقاشی اور تخلیق عمل کو سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا جس نے ایران بھر میں ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کی اور فنی، ادبی و دینی حلقوں میں اسے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

مریم فردی کو اس سے قبل بھی ایران اور ترکی میں مختلف قومی و بین الاقوامی فنّی نمائشوں میں ان کے تخلیقی کام پر تحسین و انعامات سے نوازا گیا ہے۔