غزہ/اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ نے مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے پرجوش عوامی انقلابی تحریک شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےکہاہےکہ بیت المقدس کے عوام قبلہ اول کے دفاع کو یقینی بنانے اور مقدس مقام کی تقسیم کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے موثر تحریک کا آغاز کریں۔’’ولایت ٹائمز‘‘ نے مرکزی اطلاعات فلسطین کے حوالے سے نقل کیاہے کہ حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ خالد مشعل نے دوحہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی سیاسی قوتوں اور فلسطینی اتھارٹی پر زور دیاکہ وہ نیشنل کونسل کے ہنگامی اجلاس بلانے کے بجائے قومی مذاکرات کا آغاز کریں ۔مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی سازشیں عملی شروع ہوچکی ہیں اور یہودی قبلہ اول کو زمانی اور مکانی اعتبار سے تقسیم کرنا چاہتے ہیں اس لیے میں بالعموم پوری فلسطینی قوم بالخصوص بیت المقدس کے عوام سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ دفاع قبلہ اول کے لیے نفیر عام کا اعلان کردیں اور مسجد اقصیٰ کو صہیونیوں سے بچانے کے لیے مزاحمت کے تمام وسائل کا بھرپور استعمال کریں۔